
پریسبیٹیرین نو لکھا چرچ میں سالانہ انٹر فیتھ افطار ڈنر
مختلف مکاتب فکر کے مشائخ اور مذہبی اقلیتوں کے نمائندگان کی شرکت
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):پریسبٹرین چرچ آف پاکستان نولکھا چرچ کے ماڈریٹر ڈاکٹر مجید ایبل کیجانب سے مسلم مکاتب فکر کے علماء کرام کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا ۔ انٹر فیتھ افطار ڈنر میں صوبائی سیکرٹری انسانی حقوق علی بہادر قاضی،صوبائی سیکرٹری این پی پی ڈی محمد شعیب اکبر،چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم،سابق صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین،ڈائریکٹر پیس سنٹر فادر جیمز چنن، سکھ راہنما سردار کلیان سنگھ کلیان، سربراہ فیسز پاکستان جاوید ولیم، پروفیسر سید محمود غزنوی وغیرہ نے خصوصی شرکت کی ۔خطبہ استقبالیہ میں ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے کہا کہ ہم نے ہر سال کی طرح اس سال بھی مسلم علماء کے لئے افطار کی تقریب کو برقرار رکھاہے تاکہ انٹر فیتھ کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان کے لئے پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں نے حصہ لیا جبکہ یہاں بسنے والی تمام اقلیتیں مساوی حقوق رکھتی ہیں۔ سیکرٹری انسانی حقوق نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے تاہم پوری دنیا امن کی خواہش مند ہے اور ہمیں ملکر امن کے لیے جد وجہد کرنا ہوگی۔ چئیرمن کل مسالک بورڈ مولانا عاصم مخدوم نے کہا کہ بین المذاہب تقریبات کا مقصد دنیا کو یہ بتانا ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے تاہم اقلیتوں کے حقوق سمیت بین المذاہب رواداری کو فروغ دینے کے لئے خاطر خواہ کام ہو رہا ہے۔ سربراہ فیسز پاکستان جاوید ولیم نے کہا کہ بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے کے لئے جدوجہد کرنے والوں کی حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے جبکہ چرچ میں سالانہ انٹر فیتھ افطار کروانا بلا شبہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم سب بحیثیت پاکستانی ایک ہیں۔ دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر مجید ایبل کی خدمات کو سراہا اور باہمی محبت و آپسی پیار کو فروغ دینے میں مجید ایبل کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔ پریسبٹرین چرچ آف پاکستان کے سرپرست اعلی مادڑیٹر ڈاکٹر مجید ایبل کی جانب سے تمام مسالک کے راہنماؤں کے اعزاز میں استقبالیہ و انٹرفیتھ افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جبکہ پاکستان میں انٹر فیتھ کے فروغ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے ساتھ
پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔
انٹر فیتھ افطار ڈنر میں سید کشف علی،علامہ قاری خالد محمود، علامہ اصغر عارف چشتی،پیر سید نوبہار شاہ،پادری امجد نیامت،تاجر راہنما ملک غلام فرید، جہاں زیب خان خان اعظم،پادری عمائنول کھوکھر،پادری سلیم،چوہدری محمد طلحہ،حسنین ترمزی،اے ایس پی شازیہ،ڈاکٹر کنول فیروز، سرکاری و نجی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔