کھیل

دوسرا ٹی20: شاہین آفریدی کی شاندار بولنگ، پاکستان کی نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری پانچ ٹی20 میچوں مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

کیوی اوپنر ٹم روبسن 4 رن بنا کر محمد عامر کا شکار بن گئے
   
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری پانچ ٹی20 میچوں مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
سنیچر کو راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 91 رنز کے ہدف کو تین وکٹوں کے نقصان پر 12.1 اوورز میں حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 45، عرفان خان نیازی نے 18 اور بابر اعظم نے 14 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے بین لسٹر، مائیکل بریسویل اور اِش سوڈھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان کی جانب سے آسان ہدف کے تعاقب کا آغاز صائم ایوب اور بابر اعظم نے کیا تاہم اننگز کی پہلی گیند پر چوکا لگانے کے بعد صائم ایوب بین لسٹر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد بابر اعظم اور محمد رضوان نے دوسری وکٹ کے لیے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 37 رنز کی شراکت قائم کی۔
نیوزی لینڈ کو دوسری کامیابی بابر اعظم کی بڑی وکٹ کی صورت میں ملی جب وہ 14 رنز بنا کر مائیکل بریسویل کی گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں سٹمپ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کو تیسرا نقصان 56 کے مجموعی سکور پر ہوا جب عثمان خان 7 رن بنا کر اِش سوڈھی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
چوتھی وکٹ کے لیے محمد رضوان اور عرفان خان نیازی نے 30 گیندوں پر 36 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلوا دی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 18.1 اوورز میں 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک چیپ مین نے 19، کول مککونچی نے 15 اور ڈین فوکس کروفٹ نے 13 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عامر، ابرار احمد اور شاداب خان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دائیں ہاتھ کےبیٹر عثمان خان 7 رن بنا کر اِش سوڈھی کی گیند پر بولڈ ہوگئے (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ کی اننگز
نیوزی لینڈ کو پہلا نقصان ٹِم سائفرٹ کی وکٹ کی صورت میں ہوا جو کیویز کو اچھا آغاز فراہم کرنے کی کوشش میں 12 کے انفرادی سکور پر شاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد کیوی بیٹرز وقفے وقفے سے پویلین واپس جاتے رہے اور کوئی بھی کھلاڑی پاکستانی بولرز کا سامنا نہ کر سکا۔
نیوزی لینڈ کو دوسرا جھٹکا 22 رنز پر لگا جب ٹم روبنسن محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
کیوی ٹیم کی تیسری وکٹ 35 رنز پر گری جب ڈین فوکس بھی محمد عامر کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد مارک چیپ مین بھی نیوزی لینڈ کی کشتی بھنور سے نکالنے میں ناکام رہے اور 49 رنز پر ابرار احمد کا شکار بن گئے۔
کیوی ٹیم کو مزید نقصان جیمز نیشم کی وکٹ کی صورت میں ہوا جب وہ ابرار احمد کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد کیوی کپتان مائیکل بریسویل چار رن بنا کر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ کول مککونچی کی گری جب وہ شاہین آفریدی کی گیند پر چار رن بنا کر بولڈ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کو آٹھواں نقصان اِش سوڈھی کی وکٹ کی صورت میں ہوا جب وہ شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بین سیئرز تھے جو 3 رن بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر کپتان بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
میزبان ٹیم کو آخری کامیابی 19ویں اوور کی پہلی گیند پر ملی جب شاہین آفریدی کی گیند پر بین لسٹر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ میچ دونوں ٹیموں کا آپس میں مجموعی طور پر 41 واں میچ تھا۔
اس میچ سے قبل دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ٹی20 فارمیٹ میں 40 مرتبہ آمنے سامنے آئیں جس میں 21 مرتبہ جیت پاکستان جبکہ 17 مرتبہ کامیابی نیوزی لینڈ کا مقدر بنی۔
اس سے قبل جمعرات کو کھیلا گیا پہلا ٹی20 میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا تھا۔
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی جبکہ نیوزی لینڈ نے ایک تبدیلی کرتے ہوئے جوش کلارکسن کی جگہ کول مککونچی کو ٹیم کا حصہ بنایا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ اتوار کو راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، عثمان خان، افتخار احمد، محمد عرفان خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر اور ابرار احمد شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ٹم سائفرٹ (وکٹ کیپر)، ٹم روبنسن، ڈین فوکس کروفٹ، مارک چیپ مین، جیمز نیشم، مائیکل بریسویل (کپتان)، کول مککونچی، اِش سوڈھی، جیکب ڈفی، بین سیئرز اور بین لِسٹر شامل تھے۔
مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button