
بارہ کروڑ عوام کے مسائل کا حل جمہوریت میں ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خان
اگر جمہوریت کے ثمرات حاصل کرنے ہیں تو وہ پنجاب اسمبلی سے ہی ہوں گے،اپوزیشن نے اجلاس میں عوامی مسائل کی کبھی بات نہیں کی۔سپیکر ملک محمد احمد خان
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):سپیکر ملک محمد احمد خان نے پنجاب اسمبلی آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخاب میں دھاندلی کا الزام انتہائی بیہودہ ہے۔ اپوزیشن مینڈیٹ والوں کی توہین کر رہے ہیں۔ یہ لوگ واضح طور پر ہار چکے ہیں۔ضمنی الیکشن میں قصور اور کاہنہ کے حلقوں میں مسلم لیگ ن واضح اکثریت سے جیتی۔ الیکشن میرٹ پر ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی الیکشن میں عوام نے میاں نواز شریف کی قیادت، شہباز شریف کی وزارت عظمیٰ اور محترمہ مریم نواز کی وزارت اعلیٰ پر بھر پور اعتماد کا ظاہر کیا۔لوگ انتشار کی سیاست اور ہر وقت کے افراتفری کے ماحول سے تنگ آچکے ہیں۔ عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے اس پر ہم 12کروڑ عوام کے مسائل کو حل کریں گے۔ عوامی نمائندوں کو عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھانا ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اگر جمہوریت کے ثمرات حاصل کرنے ہیں تو وہ پنجاب اسمبلی سے ہی ہوں گے۔ اپوزیشن نے دوران اجلاس کبھی عوامی مسائل پر بات نہیں کی۔ تنقید برائے اصلاح ہوتی ہے نہ کہ تنقید برائے جھگڑا۔ گذشتہ اجلاس میں ایوان میں شور شرابہ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ یہ پنجاب اسمبلی کا ایوان ہے یہ جلسہ گاہ نہیں۔پنجاب اسمبلی کو رولز آف پروسیجر کے مطابق چلاوں گا۔ بطور سپیکر میرے نزدیک تمام رکن اسمبلی برابر ہیں۔کسی کی بے توقیری میرا مقصد نہیں ہے۔ اگر کوئی ممبر اخلاقیات سے گری بات کرتا ہے تو اس کا نوٹس لینا میرا آئینی فرض ہے۔