وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت: ڈرگ فری پنجاب مہم کامیابی سے جاری
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 293 ٹھکانوں پر چھاپے، منشیات کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث 159 ملزمان گرفتار، 147 مقدمات درج، ترجمان پنجاب پولیس
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈرگ فری پنجاب مہم کامیابی سے جاری ہے جس کے تسلسل میں لاہور سمیت صوبہ بھرمیں ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے 293 ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے، منشیات کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث ملزمان کے خلاف 147 مقدمات درج کرتے ہوئے 159 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 132 کلو چرس،01 کلو ہیروئن،01 کلو افیون، 2092 لٹر شراب برآمد کی گئی۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 26 فروری سے جاری خصوصی مہم کے دوران منشیات فروشوں کے اڈوں پر 19154 چھاپے مارے گئے، گھناؤنے کاروبار میں ملوث ملزمان کے خلاف 8960 مقدمات درج ہوئے جبکہ9470 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 6180 کلو چرس، 104 کلوگرام ہیروئن برآمد، ساڑھے 34 کلو آئس،218 کلو افیون، 119154 لٹر شراب بھی ملزمان سے برآمد کی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو منشیات کے خلاف آپریشنز کی خود نگرانی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کا زہر پہنچانے والے سفاک ملزمان کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے، ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ اے این ایف اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔