پاکستانی ٹیم کا دورہ جنوبی افریقہ، پی سی بی نے شیڈول جاری کر دیا
پاکستان کرکٹ ٹیم رواں برس دسمبر میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 سیریز کھیلنے کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم رواں برس دسمبر میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 سیریز کھیلنے کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستانی ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے۔
شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم رواں برس دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور تین ٹی20 میچز کھیلنے جنوبی افریقہ جائے گی۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ٹی20، پھر ون ڈے اور اس کے بعد ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 میچز 10، 13 اور 14 دسمبر کو بالترتیب ڈربن، سینچورین اور جوہانسرگ میں کھیلے جائیں گے۔
اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 17 دسمبر کو پارل، دوسرا میچ 19 دسمبر کو کیپ ٹاؤن جبکہ تیسرا میچ 22 دسمبر کو جوہانسبرگ میں ہوگا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے سینچورین میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 3 جنوری سے کیپ ٹاؤن میں ہوگا۔
پاکستان کے علاوہ رواں برس سری لنکن ٹیم بھی دو ٹیسٹ میچز کھیلنے جنوبی افریقہ جائے گی۔
جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 27 نومبر سے ڈربن میں ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 5 دسمبر سے قے بیرہا (پرانا نام پورٹ الزبتھ) میں کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم نے اس سے قبل 2021 میں تین ون ڈے اور چار ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا جس میں گرین شرٹس نے بالترتیب 1-2 اور 1-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔