محسن نقوی کا ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے پر ہر کھلاڑی کو ایک لاکھ ڈالر انعام دینے کا اعلان
پاکستان کے وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقی نے کہا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے پر ہر کھلاڑی کو ایک لاکھ ڈالر انعام دیا جائے گا۔
پاکستان کے وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقی نے کہا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے پر ہر کھلاڑی کو ایک لاکھ ڈالر انعام دیا جائے گا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق محسن نقوی اتوار کو قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ آئرلینڈ، انگلینڈ اور ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے قذافی سٹیڈیم میں لگے ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے پہنچے۔
انہوں نے دو گھنٹے تک کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے پر کھلاڑیوں کے لیے انعام کا اعلان کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جیت کے سامنے اس انعام کی کوئی حیثیت نہیں۔ امید ہے کہ آپ اس بار پاکستانی سبز ہلالی پرچم بلند کریں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ کسی دباؤ کے بغیر کھیلیں اور بھرپور مقابلہ کریں۔
’میدان میں مقابلہ ہوتا نظر آنا چاہیے۔ جیت آپ کے لیے اور ہار میرے لیے ہو گی۔ کسی کی پرواہ نہ کریں۔ صرف پاکستان کے لئے کھیلیں۔‘
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے محمد رضوان کو ٹی20 میچوں میں تین ہزار رنز مکمل کرنے اور نسیم شاہ کو ٹی20 میچوں میں 100 وکٹیں لینے پر خصوصی گرین شرٹس دیں۔
انہوں نے کھلاڑیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اس موقع پر سلیکٹرز وہاب ریاض، محمد یوسف، کپتان بابر اعظم، اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود اور انٹرنیشنل کرکٹ کے ڈائریکٹر عثمان واہلہ بھی موجود تھے۔ بعد میں چئیرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں ظہرانہ دیا۔