
ترک زبان و ثقافت اور فنون کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ سید عامر جعفری
ترک ثقافت کو سمجھنے کیلئے سکالرشپ کے مواقع دینے میں ترکش کلچرل سنٹر کردار ادا کر رہا ہے۔ قونصل جنرل ترکی
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): غزالی ایجوکیشن فائونڈیشن کے زیر اہتمام ترکی کے معروف صوفی شاعر یونس ایمرے کی یاد میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ترک قونصلر جنرل درمش باش طوغ، کنٹری ڈائریکٹر ترکش کلچر سنٹر و یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر خلیل طوقار سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ قائد اعظم لائبریری میں منعقدہ اس تقریب میں یونس ایمرے کی شخصیت اور شاعری پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا اور جدید ترکی کے قیام میں ان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان اور ترکی کے تاریخی اور ثقافتی رشتوں پر گفتگو کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ یونس ایمرے نے محبت اور انسانیت کے عالمگیر پیغام کے فروغ دیتے ہوئے لوگوں کو سطحی اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کو سمجھنے اور ہمدردی کا رویہ اپنانے پر زور دیا۔ اس موقع پرغزالی فائونڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید عامر جعفری نے ترکی زبان، ثقافت اور فنون کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ سید عامر جعفری نے اس امر کو بھی سراہا کہ ثقافتی تبادلوں اور ترک ثقافت کو سمجھنے کیلئے تعلیمی سکالرشپ کے مواقع پیدا کرکے پاکستان میں یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ بہترین کردار ادا کر رہا ہے۔ سید عامر جعفری نے کہا کہ غزالی ایجوکیشن فاونڈیشن اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے مابین اس ضمن میں زبان و ثقافت کی ترویج و تشہیر کے لئے ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط بھی ہو چکے ہیں جس سے طلباء کو بھرپور استفادہ کا موقع ملے گا۔ تقریب میں سینئر ادبی شخصیات سلمیِٰ اعوان، عباس تابش، فرخ سہیل گوئندی، آمنہ مفتی، کاشف منظور اور دیگر نے شرکت کی۔