
پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی طبیعت کی ناسازی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے دعائیہ پیغام بھیجا ہے۔
شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ "مجھے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت سے متعلق جان کر گہری تشویش ہوئی ہے۔ وہ نہ صرف پاکستان کے مخلص دوست ہیں بلکہ خادم الحرمین شریفین کی حیثیت سے تمام مسلم امہ کے رہبر اور رہنما ہیں۔”
اس سے قبل سعودی شاہی عدالت کے بیان میں بتایا گیا تھا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا جدہ کے السلام پیلس کے شاہی کلینکس میں طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا۔ طبی معائنہ کے دوران شاہ سلمان کے پھیپھڑوں میں انفیکشن ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ طبی ٹیم نے فیصلہ کیا کہ جب تک سوزش ختم نہ ہو جائے سعودی فرماں روا کو جدہ کے السلام پیلس میں اینٹی بائیوٹک پر مشتمل علاج کے پروگرام سے گزرنا چاہیے۔
ادھر سعودی ولی عہد محمدبن سلمان کو 20 تا 23 مئی جاپان کا دورہ کرنا تھا مگر اب سعودی فرمانروا کی طبیعت ناسازی کے باعث یہ دورہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان کا 2022 میں بھی جاپان کا دورہ مختصر نوٹس پر منسوخ کر دیا گیا تھا۔