چوہدری شافع حسین سے ایوان صنعت و تجارت بہاولپور کے وفد کی ملاقات، انڈسٹری اور صنعتکاروں کے مسائل پر بات چیت
ایوان صنعت و تجارت بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ کو سپیشل اکنامک زون کا درجہ دلوانے کے حوالے سے خود فیصلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور کی انڈسٹری اورصنعت کاروں کیلئے جو کر سکے، کریں گے۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ایوان صنعت و تجارت بہاولپور کے وفد نے ملاقات کی جس میں بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ، سمال انڈسٹریل اسٹیٹ بہاولپور کے امور اور انڈسٹری کے مسائل پر بات چیت ہوئی، صوبائی وزیر نے انڈسٹری اور صنعت کاروں کے جائز مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ بہاولپور کے ترقیاتی مسائل بھی حل کیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایوان صنعت و تجارت بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ کو سپیشل اکنامک زون کا درجہ دلوانے کے حوالے سے خود فیصلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور کی انڈسٹری اورصنعت کاروں کیلئے جو کر سکے، کریں گے۔ انڈسٹریل اسٹیٹ بہاولپور کے حوالے سے باہمی مشاورت سے ایسا فارمولا بنائیں گے جس سے انڈسٹری اور صنعت کاروں کو فائدہ ہو۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعتکار انڈسٹریل اسٹیٹ میں انڈسٹری لگائیں، ہر ممکن سہولت دیں گے۔انہوں نے کہا کہ صنعتی مراکز کی 100فیصد آباد کاری حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ بعض صنعتی مراکز میں صنعتی پلاٹوں پر رہائشگاہیں بننا افسوسناک ہے ،جن پلاٹوں پر رہائشگاہیں بنی ہوئی ہیں انہیں منسوخ کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا ایریا شرمپ(shirmp) فارمنگ کیلئے بہت موزوں ہے۔ اس ایریا میں شرم فارمنگ کیلئے بھی صنعت کار آگے آئیں۔
ایوان صنعت و تجارت بہاولپور کے وفد میں صدر چوہدری ذوالفقار علی مان، حنیف احمد، سابق صدور مبشر حسین، اعجاز نظام اور دیگر شامل تھے۔ جبکہ سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن، ایم ڈی پیسک سدرہ یونس، چیئر مین پیڈمک جاوید اقبال اور دیگر متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔