اسلام آباد پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے شہریوں کی سہولت کے لیے 5 بڑے اعلانات کردیے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے اہم فیصلے کیے۔
وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز ، کیپیٹل ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور کیپیٹل سیف سٹی اتھارٹی کے قیام کا اعلان کیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ سی بی ڈی اسلام آباد کا بھی قیام عمل میں لایا جائے گا۔اسلام آباد کے شہریوں کی سہولت کے لیے کیپیٹل واسا بنے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کو ٹاسک دے دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ تمام اقدامات کا مقصد اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین اور تیز رفتار خدمات فراہم کرنا ہے۔ انشاءاللہ جلد اسلام آباد کو ایک مثالی شہر بنائیں گے۔
انہوں نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹر کے دورے کے دوران ایمبولینس 1122 اور فائر بریگیڈ کے عملے سے ملاقات کی اور جانفشانی سے فرائض کی ادائیگی کی تلقین کی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایمبولینس ،فائر بریگیڈ اور واٹر ریسکیو سروس کو کیپٹل ایمرجنسی سروسز کے تحت یکجا کیا جائے گا۔شہری کسی بھی ہنگامی حالت کی صورت میں 1122 پر کال کر کے ایمرجنسی سروسز حاصل کر سکیں گے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ یونیفائیڈ ایمرجنسی کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔گاڑیوں کی جی پی ایس کے ذریعے لائیو ٹریکنگ کی جائے گی اور اس حوالے سے عملے کی ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
انہو ں نے شہر میں ایمرجنسی سروسز 1122 کے نئے اسٹیشن قائم کرنے اور منظور شدہ خالی آسامیوں پر میرٹ پر بھرتیوں کا حکم دیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں ایمبولینسز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا ۔