ہیلتھ میں عالمی دن برائے انسداد تمباکو نوشی کی مناسبت سے آگاہی سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی
تمباکو نوشی کی مختلف اقسام شیشہ اور ای سگریٹ وغیرہ نوجوان نسل کو گمراہ کر رہی ہیں۔عالمی دن برائے انسداد تمباکو کے موقع پر تمام ہسپتالوں میں آگاہی مہم چلائیں گے
پاکستان لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی): صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں عالمی دن برائے انسداد تمباکو نوشی کی مناسبت سے آگاہی سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر اراکین پنجاب اسمبلی قاسم ندیم اور آمنہ حسن شیخ، انچارج عالمی ادارہ صحت پنجاب ڈاکٹر جمشید، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، ایڈیشنل سیکرٹری بابر اعوان، ڈین آئی پی ایچ پروفیسر زرفشاں طاہر، پروفیسر عرفان ملک، سی ای او ٹوبیکو اور ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر یداللہ سمیت خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔آگاہی سیمینار کا انعقاد محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے این سی ڈی پروگرام کی جانب سے کیا گیا۔مقررین نے معاشرے سے نشے کی لعنت کو دور کرنے پر زور دیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ اس سال World No Tobacco کی تھیم نوجوان نسل کو تمباکو نوشی سے بچانا ہے۔ تمباکو نوشی کی مختلف اقسام شیشہ اور ای سگریٹ وغیرہ نوجوان نسل کو گمراہ کر رہی ہیں۔عالمی دن برائے انسداد تمباکو کے موقع پر تمام ہسپتالوں میں آگاہی مہم چلائیں گے۔347 ارب روپے کی تمباکو نوشی اس معاشرے کے ساتھ ظلم ہے۔ خواجہ عمران نذیرنے کہاکہ ہمیں ڈبل سٹینڈرڈ نہیں ہونا چاہئے۔ پاکستانی قوم عوام کے اربوں روپوں کو اپنی سیاست کی خاطر تباہ کرنے والے عناصر کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ خواجہ سلمان رفیق کے خاندان نے پاکستان کیلئے قربانیاں دی ہیں۔خواجہ رفیق شہید نے اس ملک کی خاطر شہادت کو گلے لگایا۔ قائد اعظم ایک عظیم لیڈر اور سیاست دان تھے۔ خواجہ عمران نذیر نے آگاہی سیمینار کے انعقاد پر انتظامیہ کو شاباش دی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے مشکل حالات میں خواجہ عمران نذیر نے لاہور کی قیادت کی تھی۔ تمباکو نوشی ہماری نوجوان نسل کو تباہ اور گمراہ کرنے کی بدترین سازش ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ اپنے استاد میاں محمد شہباز شریف سے بہت سیکھا۔ تمباکو نوشی کی تمام اقسام پر بھاری ٹیکس لگانے کی وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے گزارش کریں گے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ محکمہ صحت پنجاب سے کالی بھیڑوں کی نشاندہی کر کے نکال رہے ہیں۔ عوام کے کروڑوں روپوں کا نقصان کرنے والوں کو کوئی معافی نہیں دیں گے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ دنیا بھر میں تمباکو نوشی سے ہر سال 70 لاکھ افراد موت کا شکار ہوتے ہیں۔ پاکستان میں سالانہ 347 ارب روپے کی رقم تمباکو نوشی میں ضائع کرنا انتہائی افسوس ناک ہے۔ شیشہ یا تمباکو نوشی کی دیگر اقسام بھی صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تمباکو کے دھویں سے بھرے کمرے میں دو گھنٹے گزارنا 4 سگریٹ پینے کے مترادف ہے۔ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ اپنی تعلیمی اور مثبت سرگرمیوں پر توجہ دیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پولیو پاکستان سمیت پوری دنیا کیلئے بہت بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے۔