جنرل

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ اینڈ ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کی قیادت میں 22رکنی وفد کی ملاقات

سروس ڈلیوری اورگڈ گورننس کے لئے پہلی مرتبہ افسروں کی گریڈنگ کا سسٹم رائج کیا جارہا ہے،یو این اشتراک سے ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف بھی پورا کریں گے

پاکستان،لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ اینڈ ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کی قیادت میں 22رکنی وفد نے ملاقات کی-22رکنی وفد میں اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں کے مقامی سربراہ شامل تھے-ملاقات میں تعلیم،صحت،زراعت اوردیگر شعبوں میں اشتراک کار مزید بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔اقوام متحدہ کے اداروں کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلی مریم نواز نے ایجوکیشن اور ہیلتھ سیکٹر ریفارمزاورحکومتی پالیسی سے متعلق آگاہ کیا۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کی زراعت میں پاکستان کی اکانومی کو تبدیل کرنے کا پورا پوٹینشل موجود ہے۔ہر سیکٹرمیں بہتری اور اصلاحات میری ترجیحات میں شامل ہیں۔اصلاحات کے ثمرات سے لوگ جلد مستفید ہوں گے۔سروس ڈلیوری اورگڈ گورننس کے لئے پہلی مرتبہ افسروں کی گریڈنگ کا سسٹم رائج کیا جارہا ہے۔ہر عوامی مسئلہ اورمعاملہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کوشاں ہوں۔یو این کے اداروں کے اشتراک سے ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف بھی پورا کریں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ رکاوٹوں کے باوجود وزیراعلیٰ بننا اعزاز سمجھتی ہوں۔محروم معیشت اورغریب افراد کو دیکھ کر مالی طورپر مضبوط کرنے کاسوچتی رہتی ہوں۔پنجاب کی ہر خاتون کو مالی طور پر خود مختار اورخوشحال دیکھنا چاہتی ہوں۔اقوام متحدہ کے پراجیکٹ اورہماری ترجیحات کا مشترکہ محور عوام کی خدمت ہے۔
وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب میں ٹیکس فری گارمنٹس سٹی بنا رہے ہیں،جہاں خواتین کو6ماہ مفت ٹریننگ اورسکارلرشپ بھی دیں گے۔پنجاب کے ہر شہر میں پہلی بار ویسٹ مینجمنٹ کا بہترین نظام لارہے ہیں۔نوازشریف آئی ٹی سٹی کو پاکستان کی سیلی کان ویلی بنائیں گے۔ تمام اضلاع میں مکمل ہیلتھ سہولتوں کی فراہمی کا نظام وضع کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ایئر ایمبولینس سروس کاآغاز پنجاب سے ہوگا۔ لاہور میں پہلا پبلک سیکٹرکینسر ہسپتال بنا رہے ہیں۔2500بنیادی مراکز صحت،300دیہی مراکز صحت اوربڑے ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کررہے ہیں۔ مہلک امراض میں مبتلا شہریوں کو دو ماہ کے لئے مفت دوائیاں گھر کی دہلیز پر پہنچائی جارہی ہیں۔بچوں کی نیوٹریشن کیلئے سکولوں میں فری میل دیا جارہا ہے۔چھوٹے کسانوں کو بلا سود قرضے اورمشینری بھی دیں گے۔ لائیوسٹاک کے فروغ کیلئے دیہات میں فارمز کی معاونت کریں گے۔ صنفی تفاوت کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں،خواتین کے لئے پہلا ورچوئل پولیس سٹیشن قائم کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور ہی نہیں پنجاب کے ہر شہر کی ترقی میری ترجیحات میں شامل ہے۔پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ اینڈ ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے کہاکہ لاہور دیکھنے کا اشتیاق تھا،پنجاب کے لوگ متاثر کن ہیں۔ عوام کی خدمت کے مشن میں حکومت پنجاب کی بھر پور معاونت کریں گے۔ نمائندہ یو این ڈی پی سمیوئیل نے کہاکہ پاکستان بالخصوص پنجاب کے فلاحی پراجیکٹ قابل تحسین ہے۔ سینیٹر پرویز رشید،چیف سیکرٹری زاہد زمان اختربھی موجود تھے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button