پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں کمی، ڈیزل بھی مزید سستا ہو گیا
کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 268 روپے 36 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 270 روپے 22 پیسے ہوگئی ہے۔
پاکستان میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اعلان کیا ہے۔
جمعے اور سنیچر کی درمیانی رات کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فیکیشن کے مطابق ’پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 74 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 86 کمی کی گئی ہے۔‘
کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 268 روپے 36 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 270 روپے 22 پیسے ہوگئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق گذشتہ 15 روز کے دوران عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔
’وزیراعظم کی ہدایات اور عالمی مارکیٹ کے نرخوں کی بنیاد پر اوگرا نے صارفین کے لیے نئی قیمتوں کا تعین کیا ہے جس کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کی گئی ہے۔‘
مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے 87 پیسے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد اِس کی نئی قیمت 171 روپے 61 پیسے ہوگئی ہے۔
لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 88 پیسے کی کمی ہوئی ہے۔ اس طرح لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 157 روپے 29 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق جمعے اور سنیچر کی درمیانی رات سے ہو گیا اور یہ قیمتیں آئندہ 15 روز تک برقرار رہیں گی۔
واضح رہے کہ حکومت نے 15 مئی کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 15 روپے 39 جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 88 کمی کی تھی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ’موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے نتیجے میں مہنگائی میں واضح کمی واقع ہوئی ہے اور معاشی استحکام آیا ہے۔‘
واضح رہے کہ وزیراعظم آفس نے جمعے کی شب ایک بیان میں بتایا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خزانہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے 40 پیسے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 90 پیسے کمی کی جا رہی ہے۔