کھیل

واپڈا اور پی اے ایف میموریل باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئے

واپڈا نے ٹورنامنٹ میں اپنا عمدہ مظاہرہ جاری رکھا اور پہلے سیمی فائنل میں اسلام آباد کو 80-51 سے شکست دی

پاکستان،اسلام آباد(نمائندہ وائس آف جرمنی) :آل پاکستان صدیق میمن محمد ماجد اینڈ عبدالناصر صدیق میمن میموریل باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں واپڈا کا مقابلہ پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) سے ہوگا۔دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں ہوگا ۔پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن (پی بی بی ایف ) کے سیکرٹری جنرل خالد بشیر سیمی فائنل کے مہمان خصوصی تھے جبکہ پی بی بی ایف کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری یعقوب قادری اور دیگر نے بھی میچز دیکھے۔
واپڈا نے ٹورنامنٹ میں اپنا عمدہ مظاہرہ جاری رکھا اور پہلے سیمی فائنل میں اسلام آباد کو 80-51 سے شکست دی۔ واپڈا کے کھلاڑی کلیم اللہ نے ایک بار پھر 17 پوائنٹس سکور کئے، محمد اسرار نے 12 پوائنٹس بنائے جبکہ اسلام آباد کی جانب سے علی کاظمی اور جبران آصف نے بالترتیب 14 اور 12 پوائنٹس سکور کئے۔دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان ائیر فورس نے پنجاب رینجرز کو 86-57 پوائنٹس سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔
پی اے ایف نے چیمپئن شپ میں بھی اپنا تسلط برقرار رکھا اور اہم میچ آرام سے جیت لیا۔ پی اے ایف کے لیے عمیر جان اور مہتاب اکرم بالترتیب 18، 18 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست کھلاڑی رہے۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری یادگاری ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے جو کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔
مرحوم محمد ماجد اور مرحوم عبدالناصر نے طویل عرصے تک قومی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور یادگاری ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد باسکٹ بال سے ان کی بے پناہ محبت اور خدمات کا اعتراف ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button