پنجاب پولیس نے عید الاضحی کی مناسبت سے صوبہ بھر میں مویشی منڈیوں کے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے۔
صوبہ بھرمیں 227 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے03 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات، ڈولفن، پیرو کی پٹرولنگ بھی جاری
پاکستان،لاہور(نائندہ وائس آف جرمنی) : انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے عید الاضحٰی کی آمد کی مناسبت سے صوبہ بھر میں مویشی منڈیوں کے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں اور صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر کی 227 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کے فرائض 03 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سر انجام دے رہے ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں، خریدار شہریوں کی سکیورٹی کیلئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں، ضلعی انتظامیہ کے منظور کردہ پوائنٹس کے علاوہ کسی بھی جگہ مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں، آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ غیر قانونی مویشی منڈیوں، سیل پوائنٹس کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائیں، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ نوسر بازوں، جیب تراشوں، جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے موثر پٹرولنگ پلان تشکیل دیا جائے،ڈولفن سکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ سمیت پٹرولنگ ٹیمیں مویشی منڈیوں کے اطراف موثر پٹرولنگ کریں اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے مویشی منڈیوں کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کیا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور میں 10 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی پر 500 سے زائد پولیس افسران اور جوان تعینات کئے گئے ہیں، شیخوپورہ ریجن میں 20 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی پر 200 افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، گوجرانوالہ ریجن میں 39 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 600 افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، راولپنڈی ریجن میں 11 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 100 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، سرگودھا ریجن میں 26 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 200 افسران و اہلکار تعینات ہیں،فیصل آباد میں 20 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 300 افسران و اہلکار تعینات ہیں، ملتان میں 19 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 275 افسران و اہلکار تعینات ہیں، ساہیوال میں 11 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 150 افسران و اہلکار تعینات ہیں، ڈی جی خان میں 32 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 200 سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہیں، بہاولپور میں 39 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 300 سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہیں جو شب و روز سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گی۔