پولیس کانسٹیبلز کے 03 مزید بچوں کی کوکلئیر امپلانٹ سرجری کے بعد قوت سماعت بحال،
ہ پولیس ملازمین کے مختلف عارضوں کا شکار 02 ہزار سے زائد بچوں کو علاج معالجے میں بھرپور معاونت فراہم کی جا رہی ہے
پاکستان لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی): انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کے سلسلے میں جاری اقدامات کے تحت پولیس ملازمین کے 03 مزید بچوں کی کوکلئیر امپلانٹ سرجری کے بعد قوت سماعت بحال ہو گئی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے روبصحت بچوں اور انکے والدین سے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی اور ان سے سرجری کے بعد جاری علاج بارے دریافت کیا۔اس موقع پر آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی ویلفیئر پنجاب غازی محمد صلاح الدین سے ملازمین کے بچوں کے علاج معالجے کے اقدامات بارے گفتگوکی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہاکہ پولیس ملازمین کے مختلف عارضوں کا شکار 02 ہزار سے زائد بچوں کو علاج معالجے میں بھرپور معاونت فراہم کی جا رہی ہے،پیدائشی طور پر قوت سماعت و گویائی سے محروم بچوں کو سرجری کے بعد روبصحت دیکھ کے بے حد مسرت ہوئی، آئی جی پنجاب نے کہاکہ قوت سماعت سے محروم 18 بچوں کی کوکلئیر امپلانٹ سرجری کروائی گئی جبکہ 176 بچوں کو ہیرنگ ایڈز فراہم کی گئیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہاکہ پنجاب پولیس نے قوت سماعت سے محروم بچوں کی کوکلئیر امپلانٹ سرجری پر 03 کروڑ 26 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کوکلئیر امپلانٹ سرجری سے روبصحت بچوں فضا، نمرہ، ہادی اور انکے والدین سے گفتگو کی۔ بچوں کے والدین نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ قوت گویائی کی بحالی کے لئے سپیچ تھراپی بھی جاری ہے اور ہر گذرتے دن کے ساتھ بچوں کی حالت مزید بہتر ہو رہی ہے۔
پولیس ملازمین کے بچوں کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے جاری اقدامات جاری آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے کہاکہ دماغی فالج (سیریبل پالسی) کا شکار 550 اور تھیلیسمیا سے متاثرہ 150 سے زائد بچوں کو علاج معالجے میں معاونت کے ساتھ سات ماہانہ وظائف بھی فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ انہیں علاج معالجے میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین نے کہاکہ پولیس ملازمین کے بچوں کی ہارٹ سرجریز، بیک بون پرابلم، معذوری سمیت دیگر سنگین بیماریوں کا علاج کروایا گیا ہے اور ہیلتھ ویلفیئر کے یہ تمام اقدامات پولیس ملازمین کی تنخواہوں سے کٹنے والے ویلفیئر فنڈز سے کئے گئے ہیں۔