اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

نائب وزیر اعظم پاکستان کا اسرائیل کو اسلحہ فراہمی پر پابندی لگانے کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ میں اس اہم بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی پر اردن کی ہاشمی سلطنت، عرب جمہوریہ مصر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کرتا ہوں

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہمیں غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کے تحفظ کے لیے ایک غیر جانبدار بین الاقوامی فورس کی تعیناتی پر غور کرنا چاہیے، پاکستان کی تجویز ہے کہ اقوام متحدہ کی قرارداد 2735 کے مطابق غزہ کی تعمیر نو کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جائے، پاکستانی عوام دکھ اور آزمائش کی اس گھڑی میں فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، توقع ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2735 کی منظوری ایک مستقل اور پائیدار جنگ بندی کا باعث بنے گی جس سے غزہ کی پٹی میں امن قائم ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اردن میں ”غزہ کے لیے فوری انسانی ردعمل“ کے موضوع پر اعلیٰ سطحی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں اردن کے شاہ عبداللہ دوئم، مصر اور فلسطین کے صدور اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے دو ہزار ٹن سے زائد انسانی امداد فلسطینیوں کو پہنچائی۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل کے غزہ پر کئے جانے والے مظالم کی پاکستان شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس اہم بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی پر اردن کی ہاشمی سلطنت، عرب جمہوریہ مصر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کرتا ہوں، غزہ میں 8 ماہ سے جاری نسل کشی کی فوجی جارحیت میں37 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید اور 84500 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے جبکہ غزہ کی پوری 2.3 ملین آبادی بے گھر ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے مکمل استثنیٰ اور بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی برادری کی اجتماعی مرضی کو نظر انداز کیا ہے جبکہ فاقہ کشی کو جنگ کے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ انسانی امداد اور جان بچانے والی امداد میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے، شہری بنیادی ڈھانچے، گھروں، سکولوں، ہسپتالوں، امدادی قافلوں اور انسانی پناہ گاہوں کو جان بوجھ کر نشانہ اور تباہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک، اسرائیل نے بے گناہوں کے قتل عام کو روکنے کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل، بین الاقوامی عدالت انصاف، او آئی سی اور حتیٰ کہ اپنے دوستوں اور سرپرستوں کے مطالبات سے انکار کیا ہے، اسرائیل کی طرف سے پوری آبادی پر مسلط وحشیانہ اور اندھا دھند تکالیف کو بین الاقوامی عدالت انصاف نے ”نسل کشی“ قرار دیا ہے۔
نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ اسرائیلی قیادت نے دو ریاستی حل سے انکار کردیا ہے جس کا مقصد فلسطینیوں کو دوبارہ ان کے وطن سے بے دخل کرنا اور یہودی ریاست کا ”حتمی حل“ مسلط کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان اسرائیلی مظالم کی پرزور اور واضح الفاظ میں مذمت کرتا ہے، پاکستان کی حکومت اور عوام آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم نے گزشتہ اکتوبر سے غزہ میں پھنسے ہوئے اپنے بھائیوں کے لیے 2000 ٹن سے زیادہ انسانی امداد لے کر 8 طیارے روانہ کیے ہیں اور ہم امدادی سامان اور امداد بھیجنا جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ساتھی اسلامی ممالک کی طرح ہم گزشتہ رات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2735 کی منظوری سے امید رکھتے ہیں جو امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے 31 مئی کو اعلان کردہ جنگ بندی کی نئی تجویز کا خیر مقدم کرتی ہے، ہمیں امید ہے کہ یہ قرارداد ایک مستقل اور پائیدار جنگ بندی کا باعث بنے گی جس سے غزہ کی پٹی میں امن قائم ہوگا، ہم یہ بھی امید کرتے ہیں کہ یہ غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی محفوظ اور موثر تقسیم میں سہولت فراہم کرے گا اور تمام فلسطینیوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ اس نازک موڑ پر ہمیں صورت حال سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں، ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے طلب کردہ جنگ بندی مکمل، پائیدار اور غیر مشروط ہو، اسے مغربی کنارے میں تشدد کو بھی روکنا چاہیے، ہمیں غزہ میں محصور فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد کی فراہمی کو تیز کرنا چاہیے اور ان کی خوراک، ادویات، توانائی اور دیگر ضروری سامان کی ضروریات کو پورا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اپنی حمایت کو وسعت دینے کی ضرورت ہے اور اپریل میں اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کی گئی فلیش اپیل کا جواب دینا چاہیے اوراسرائیل کو تمام فوجی سپلائی اور فروخت پر پابندی کا مطالبہ کرنا چاہیے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں قرارداد 2735 کے مطابق غزہ سے اسرائیلی قابض افواج کے فوری انخلاء کو یقینی بنانا چاہیے، ہمیں غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کے تحفظ کے لیے ایک غیر جانبدار بین الاقوامی فورس کی تعیناتی پر بھی غور کرنا چاہیے۔ پاکستان کی تجویز ہے کہ اقوام متحدہ کی قرارداد 2735 کے مطابق غزہ کی تعمیر نو کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متوازی طور پر ہمیں دو ریاستی حل کو نافذ کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے جس کی سلامتی کونسل کی قرارداد نے دوبارہ توثیق کی ہے، ہم غزہ میں کسی بھی آبادیاتی یا علاقائی تبدیلی کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں، اس تناظر میں اور ایک اہم قدم کے طور پر یہ وقت ہے کہ ریاست فلسطین کو اقوام متحدہ کے مکمل رکن کے طور پر فوری طور پر تسلیم کیا جائے، یہ دو ریاستی حل کے ناقابل واپسی کو یقینی بنائے گا جو مقدس سرزمین میں پائیدار امن اور سلامتی کا واحد آپشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دو ریاستی حل پر عمل درآمد کے لیے ٹائم ٹیبل اور روڈ میپ پر کام کرنے کے لیے بین الاقوامی امن کانفرنس کے مطالبات کی بھی حمایت کرتا ہے، سلامتی کونسل کے ارکان کے علاوہ اس عمل میں اہم عرب اور او آئی سی ممالک کی شرکت شامل ہونی چاہیے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ فلسطینی تقریباً ایک صدی سے تاریخی ناانصافی برداشت کر رہے ہیں، ہمیں ان کے مصائب کو ختم کرنے کی کوشش اور فلسطینیوں کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کا استعمال کرنے کے قابل اور ایک آزاد اور خودمختار عوام کے طور پر آزادی کے ساتھ رہنے میں ان کی مدد کرنی چاہیے جس میں 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے اندر ایک ریاست ہو اور ایک آزاد القدس شریف اس کا دارالحکومت ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 2025/2026 کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک غیر مستقل رکن کے طور پر دنیا میں امن، خوشحالی اور ترقی کو آگے بڑھانے سمیت دیرینہ تنازعات خاص طور پر مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے کوشش کرے گا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button