چالیسویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس میں شامل زیر تربیت افسران کا سنٹرل پولیس آفس کا مطالعاتی دورہ
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے وفد میں شامل افسران کو پنجاب پولیس میں حالیہ جدید اصلاحات بارے آگاہ کیا
پاکستان لاہور (نمائندہ وائس آف جرمنی) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے پولیس ورکنگ کو روایتی سے جدید پولیسنگ ماڈل پر منتقل کردیا گیا ، متعدد اضلاع میں نئے سیف سٹیزپراجیکٹ تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں جن سے جرائم کنٹرول ، ٹریفک مینجمنٹ اور حساس مقامات کی مانیٹرنگ سرویلنس اور کمیونٹی پولیسنگ کا عمل مزید بہتر ہوگا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ آپریشنز، انویسٹی گیشن، ٹریفک اور تھانوںسمیت ہر فیلڈ میں جدید اصلاحات کو نافذ کیا گیا ہے جس سے شہریوں کو پولیسنگ سہولیات کی فراہمی اور انسداد جرائم میں تیزی آئے گی ۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہا کہ پولیس فورس کی استعداد کار میں اضافے کیلئے جدید ٹریننگ کورسز، پروموشن و ریکروٹمنٹ کا سلسلہ جاری ہے، مزید اہلکاروں کو میرٹ کے مطابق پروموشن دی جائیں گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں چالیسویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس میں شامل زیر تربیت افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کوئٹہ سے آئے وفد میں پاکستان ایڈمنسٹریٹر سروس، ان لینڈ ریونیو سروسز، پولیس سروس آف پاکستان، ریلوے، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان صوبائی سروسز سمیت دیگر اداروں کے افسران شامل تھے ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے وفد میں شامل افسران کو پنجاب پولیس میں حالیہ جدید اصلاحات بارے آگاہ کیا اور افسران کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جوابات بھی دئیے۔
ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب سلطان احمد چوہدری اور ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑانے وفد کو پولیس فریم ورک میں ہونے والی اپ گریڈیشن اقدامات بارے آگاہ کیا۔اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی ڈاکٹر رضوان احمد نے وفد کو پنجاب پولیس کے انتظامی و پیشہ ورانہ امور بارے آگاہ کیا ۔ شرکاء کو مختلف فیلڈ فارمیشنز، اصلاحات اور پبلک سروس ڈلیوری سسٹم بارے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔دورے کے اختتام پر وفد کے سربراہ اور پولیس افسران کے مابین یادگاری سووینئرز کا تبادلہ کیا گیا۔