صحت

صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت اجلاس، ڈینگی کے حوالہ سےصورتحال کا جائزہ لیا گیا

ڈینگی پر قابو کسی ایک محکمہ کی نہیں بلکہ تمام سٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے۔

پاکستان لاہور (نمائندہ وائس آف جرمنی) پنجاب کے وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق اور وزیربرائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت ڈینگی، متعدی امراض اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ بارے سول سیکرٹریٹ میں جمعہ کو اجلاس منعقدہوا۔ترجمان محکمہ صحت کے مطابق خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کے دوران ڈینگی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
سیکرٹری صحت علی جان خان نے متعدی اور وبائی امراض پر تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ڈینگی سرویلنس کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خود انسدادِ ڈینگی کارروائیوں کو مانیٹر کرنا ہوگا۔
ڈینگی پر قابو کسی ایک محکمہ کی نہیں بلکہ تمام سٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے۔
علما کرام سے جمعہ کے خطبہ کے دوران عوام کو اس حوالے سے آگاہی پھیلانیکی گزارش ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانولہ اور ملتان میں ڈینگی سرویلنس سرگرمیوں کو بڑھایا جائے۔ تمام سیکرٹریز اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنرز ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کریں۔ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن تعلیمی اداروں میں انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں کو یقینی بنائیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ڈینگی سمیت دیگر امراض کی روک تھام کے لئے محکمہ صحت موثر لائحہ عمل اپنا رہا ہے۔ بڑے ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے کام کی بر وقت تکمیل حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ ابھی تک رواں سال کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے 170 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ہر ڈینگی کیس کو ٹریک کرنے کی ضرورت ہے۔ ہر محکمہ کو ضلعی سطح پر متحرک کرنا ہوگا۔
سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کی ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں۔ خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ ڈینگی ورکرز کی آئندہ بھرتی نہیں ہوگی، دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔ ڈینگی کے خاتمہ کے لئے شہریوں، حکومت کو مل کر کام کرنا ہوگا۔شہریوں کو اپنے گھروں میں ڈینگی لاروا کی افزائش کی جگہوں کو ختم کرنا ہوگا۔خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے محکمہ صحت کا ساتھ دیں۔
ڈینگی کی ٹیمیں کب تک لوگوں کے گھروں میں ائیر کولرز صاف کرتے رہیں گے۔جس گھر سے لاروا ملے ان کو ذمہ دار ٹھہرانا پڑے گا۔روایتی طریقوں سے ہٹ کر انسداد ڈینگی کے لئے کوئی نیا میکانزم بنانا پڑے گا۔ خواجہ عمران نذیر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں یونین کونسل سطح پر سیاسی رہنماں کو نگران بنایا جائے۔ایک دو ہفتوں میں خسرہ کیسزمیں نمایاں کمی ہو جائے گی۔کانگو وائرس کے سلسلہ میں مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانوروں کی ویکسی نیشن کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری احمد رضا سرور، سیکرٹری صحت علی جان خان، مختلف محکمہ جات کے سیکرٹریز اور وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے تمام کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button