سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی سمیت دیگر کیسز میں نیب لاہور کی ریکوری؛ 9 کروڑ 33 لاکھ روپے قومی خزانہ میں جمع
اس ضمن میں نیب لاہور مجموعی طور پر اربوں روپے متاثرین اور قومی خزانہ میں جمع کروا چکا ہے جو آن ریکارڈ ہے
پاکستان لاہور (نمائندہ وائس آف جرمنی):نیب لاہور میں زیرتحقیقات اہم کرپشن کیسز میں ہونے والی ریکوری کو سادہ تقریب کے زریعے قومی خزانہ کی نظر کر دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور امجد مجید اولکھ کی نگرانی میں نیب لاہور بیورو میں ایک تقریب منعقد کی گئی جہاں سابق وزیراعلی پنجاب، چوہدری پرویز الہی ودیگر کیخلاف کیس، پان پتہ ریفرنس، بینک آف پنجاب سکینڈل اور انوویٹو انویسٹمنٹ بینک سکینڈل میں نیب لاہور کیجانب سے مجموعی طور پربرآمد کردہ 9 کروڑ 33 لاکھ روپے کی رقم قومی خزانہ میں جمع کروادی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی سطح کی کیسز میں سابق وزیراعلی پنجاب، چوہدری پرویز الہی کیخلاف تحقیقات میں ملزمان سے پلی بارگین کی مد میں وصول 4 کروڑ 60 لاکھ مالیت سمیت دیگر مقدمات میں ہونیوالی مجموعی 8 کروڑ 57 لاکھ مالیت کی ریکوری پر مشتمل چیک ایڈیشنل سیکرٹری فنانس، عبدالسلام کے حوالہ کیا گیا۔
علاوہ ازیں وفاقی سطح کے کیسز جن میں پان پتہ سکینڈل میں برآمد 30 لاکھ مالیت کا چیک ڈپٹی کلیکٹر کسٹمز، اعجاز شہید نے وصول کیا۔ ڈی جی نیب لاہور نے نیشنل بینک آف پاکستان سکینڈل میں برآمد 27 لاکھ مالیت کا چیک مینیجر نیشنل بینک، شاہ پور برانچ کے حوالہ کیا۔ تقریب میں انوویٹو بینک سکینڈل میں برآمد 18 لاکھ 87 ہزار مالیت کا چیک ممبر لیکویڈیشن بورڈ خواجہ وحید رضا کے حوالہ کیا گیا۔
اس موقع پر نیب کے سینئر افسران و متعلقہ حکام کو مخاطب کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ قومی سرمایہ کی حفاظت نیب کا نصب العین ہے۔ نیب کرپشن کیسز میں ملزمان سے برآمد ایک ایک پائی انتہائی زمہ داری سے قومی خزانہ میں جمع کرواتا ہے جبکہ عوام سے دھوکہ دہی کے مقدمات میں ملزمان سے برآمد مکمل رقم متعلقہ متاثرین کے حوالہ کی جاتی ہے۔ اس ضمن میں نیب لاہور مجموعی طور پر اربوں روپے متاثرین اور قومی خزانہ میں جمع کروا چکا ہے جو آن ریکارڈ ہے۔ ڈی جی نیب لاہور نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب کی ہدایات ہیں کہ کرپشن کیسز میں زیادہ سے زیادہ ریکوریاں کرنے کو ترجیع دی جائے اور اس مقصد کے حصول کیلئے نیب افسران بھرپور محنت جاری رکھے ہوئے ہیں۔