جنرل

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس شہداء کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے سرگرم عمل

فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے ایک اور پولیس جوان کے اہل خانہ کو گھر دے دیا۔

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس شہداء کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے سرگرم عمل ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے ایک اور پولیس جوان کے اہل خانہ کو ذاتی گھر دے دیا ہے ، تفصیلات کے مطابق راجن پور پولیس کے شہید شکیل احمد کے اہل خانہ کو انکی پسند کے مطابق مہر فیاض کالونی تحصیل شالیمار ضلع لاہور میں گھر خرید کر فراہم کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ضروریات زندگی کی سہولیات سے آراستہ گھر کی مالیت ایک کروڑ 35 لاکھ روپے ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کے گھروں کیلئے فنڈز جاری کئے۔ شہید کانسٹیبل شکیل احمد نے گذشتہ برس جون میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں جام شہادت نوش کیا تھا۔ شہید کے لواحقین میں ایک زوجہ دو بیٹیاں اور چار بیٹے شامل ہیں ۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل شکیل احمد کی لازوال قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کانسٹیبل شکیل احمد نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر خطرناک ملزمان کا بہادری سے مقابلہ کیا ، پنجاب پولیس اپنے بہادر سپوت کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس 1600 سے زائد بہادر شہدا اور 1700 سے زائد غازیوں کی امین فورس ہے جن کی بہترین ویلفیئر کیلئے محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button