عبدالعلیم خان کی اداروں کی نجکاری کیلئے تمام سٹیک ہولڈرزکو آن بورڈ رکھنے کی ہدایت
پرائیویٹائزیشن کمیشن حکومت پر انحصار کم کر کے مالی طور پر خود مختاری حاصل کرے،مزید اداروں کی نجکاری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے،وفاقی وزیر نجکاری
اسلام آباد پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اداروں کی نجکاری کیلئے تمام سٹیک ہولڈرزکو آن بورڈ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرائیویٹائزیشن کمیشن حکومت پر انحصار کم کر کے مالی طور پر خود مختاری حاصل کرے،مزید اداروں کی نجکاری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کی زیر صدارت پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈکا 220واں اعلی سطحی ہوا جس میں پی آئی اے کی نجکاری کی پیشرفت پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور شارٹ لسٹڈ کمپنیوں بارے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لئے خزانہ، قانون، ایوی ایشن اور دیگر اداروں سے رابطے میں ہیں،اداروں کی نجکاری کے لئے غیر ملکی انٹرنیشنل میڈیا میں اشتہارات بھی دئیے گئے ہیں۔
اجلاس میں پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈکے ممبران نے 218ویں اور 219ویں اجلاس کی کارروائیوں اور سال 2024-25کے بجٹ کی منظوری دیتے ہوئے سفارشات بھجوادیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم پی آئی اے کی جلد از جلد نجکاری چاہتے ہیں، مزید تاخیر نہ کی جائے، پرائیویٹائزیشن کمیشن پیشکش دینے والے اداروں سے مکمل تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی نجکاری کیلئے تمام سٹیک ہولڈرزکو آن بورڈ رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹائزیشن کمیشن حکومت پر انحصار کم کر کے مالی طور پر خود مختاری حاصل کرے،پرائیویٹائزیشن کمیشن مزید اداروں کی نجکاری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرے۔