صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ
سرکاری سکولوں میں میٹرک ٹیک اور میٹرک ووکیشنل متعارف کرانے کا فیصلہ،ٹیوٹا اور محکمہ تعلیم کے مابین جلد اشتراک کا معاہدہ ہوگا
پاکستان لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔پنجاب سکل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے آفس میں منعقدہ اجلاس میں ٹیوٹا اور محکمہ تعلیم کے مابین سکل ڈویلپمنٹ میں اشتراک کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ڈی جی پی ایس ڈی اے صاحبزادی وسیمہ عمر نے سکل ڈویلپمنٹ کے پروگرام بارے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں سرکاری سکولوں میں میٹرک ٹیک اور میٹرک ووکیشنل متعارف کرانے کا فیصلہ کیاگیا۔اس حوالے سے ٹیوٹا اور محکمہ تعلیم کے مابین جلد اشتراک کا معاہدہ ہوگا۔ابتدائی طورپر کسی ایک ضلع سے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا جائے گا۔پروگرام کا دائرہ 500سکولوں تک بڑھایا جائے گا۔پروگرام کو آگے بڑھانے کے لئے تمام امور تیزی سے طے کئے جائیں گے۔پروگرام پر عملدرآمد کیلئے ٹیوٹا اور محکمہ تعلیم کے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل پاگئے ہیں۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار جامع سکل ڈویلپمنٹ پالیسی دی گئی ہے۔سکل پالیسی پر عملدرآمد سے معیاری ٹیکنیکل ایجوکیشن کو فروغ ملے گا۔ٹیوٹا کے اداروں میں چائنیز کے علاوہ جرمن اور کورین لینگویج کورسز شروع کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آرٹیفشل انٹیلیجنس کی تربیت کے ادارے بھی بنانا ہوں گے۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہاکہ میٹرک ٹیک اور میٹرک ووکیشنل کے فروغ کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ٹیکنالوجی کورسز بارے لوگوں کو آگاہی دینا بھی ضروری ہے۔ٹیوٹا اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مابین سکل ڈویلپمنٹ میں اشتراک کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ڈی جی پی ایس ڈی اے صاحبزادی وسیمہ عمر نے بتایاکہ پی ایس ڈی اے نے انجینئرنگ یونیورسٹیو میں ڈی اے ای کے طلباء کا کوٹہ بڑھانے کی پالیسی دی ہے اور سکولوں کے نصاب میں سافٹ سکلز کا اضافہ کیا جارہا ہے۔اجلاس میں سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر احتشام انور، سیکرٹری لٹریسی و ان فارمل ایجوکیشن حیدر اقبال، چئیرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد ساجد کھوکھر اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔