کھیل

کیا آئی سی سی انڈیا کو پاکستان میں چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے پر رضامند کرسکے گا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 25-2024 کے لیے ہوم انٹرنیشنل کرکٹ سیزن کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان اپنے ہوم سیزن میں بنگلہ دیش، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی کرے گا۔اس کے علاوہ اگلے برس پاکستان میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان تین ملکی ون ڈے سیریز بھی کھیلی جائے گی۔اس سیریز کے بعد پاکستان آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی بھی کرے گا۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 21 اگست سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 30 اگست سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔بنگلہ دیش کی ٹیم 2020 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان میں کوئی بھی ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 7 اکتوبر سے ملتان میں ہوگا۔سیریز کا دوسرا میچ 15 اکتوبر سے کراچی جبکہ تیسرا میچ 24 اکتوبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔انگلش ٹیم نے اس سے قبل 2022 میں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔اس سیریز کے بعد پاکستان جنوری میں ویسٹ انڈیز کی دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے نمائندگی کرے گا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 16 جنوری سے کراچی جبکہ دوسرا ٹیسٹ 24 جنوری سے ملتان میں کھیلا جائے گا۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم 18 برسوں بعد پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئے گی۔پاکستان، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ملکی سیریز 8 فروری سے شروع ہوگی۔اس سیریز کا پہلا میچ 8 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ، دوسرا میچ 10 فروری کو نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ جبکہ تیسرا میچ 12 فروری کو جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔تین ملکی سیریز کا فائنل 14 فروری کو کھیلا جائے گا۔خیال رہے کہ یہ سیریز ون ڈے فارمیٹ پر مبنی ہوگی اور اس کے تمام میچز ملتان میں کھیلے جائیں گے۔آئی سی سی چیمیئنز ٹرافی ممکنہ طور پر 19 فروری سے 9 مارچ تک لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں کھیلی جائے گی۔پاکستانی ٹیم رواں برس نومبر میں تین ون ڈے اور تین ٹی20 میچز کھیلنے آسٹریلیا روانہ ہوگی۔اس کے بعد گرین شرٹس تین ون ڈے اور تین ٹی20 کھیلنے زمبابوے جائے گی۔زمبابوے کے خلاف سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم 10 دسمبر سے 3 جنوری تک جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی جہاں اسے تین ٹی20، تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں۔پاکستان اگلے برس یعنی 2025 میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے ٹائٹل کا دفاع اور میزبانی کرے گا۔اس ایونٹ سے قبل جو سوال سب سے زیادہ اٹھ رہا ہے وہ یہ ہے کہ کیا چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے انڈین ٹیم پاکستان آئے گی.اس بارے میں سابق کرکٹر اور تجزیہ کار شعیب محمد نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل پاکستان میں کرکٹ کھیلنے والی ٹیموں کو بہت فائدہ ہوگا، یہاں کے میدان اور پچز کو سمجھنے میں آسانی ہوگی جو انہیں میگا ایونٹ میں کام آئیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی ٹیموں کی آمد سے انڈین بورڈ کے جواز بھی ختم ہونگے اور ہم امید کرینگے کہ میگا ایونٹ میں انڈیا کی ٹیم شریک ہوگی اور شائقین کرکٹ کو اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا۔ان کا کہنا تھا کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان میچ کسی بھی میگا ایونٹ کی جان ہوتا ہے، اگر انڈیا کی ٹیم پاکستان آئے اور کھیلے تو اس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا، کرکٹ کو فروغ ملے گا اور یہ ایونٹ اور بڑا ایونٹ بن جائے گا۔ سابق کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ اب آئی سی سی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھائے اور اس ایونٹ میں انڈیا کی شرکت کو یقینی بنائیں۔سابق کرکٹر توصیف احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جتنی زیادہ کرکٹ ہوگی اتنا ہماری کرکٹ کے لیے اچھا ہے، پاکستان میں نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، نئے لڑکوں کو موقع ملے گا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ انڈیا کی ٹیم پاکستان آکر کھیلے گی، اب تک جو بیانات سامنے آئے ہیں ان سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس بار انڈیا کی ٹیم امرتسر سے لاہور آکر میچ کھیلنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ اس میگا ایونٹ میں اگر انڈیا کی ٹیم پاکستان آکر کھیلتی ہے تو یہ کرکٹ کی جیت ہوگی، پاکستان میں بھی انڈیا کی ٹیم کے کھلاڑیوں کے فین موجود ہیں، وہ انہیں اپنے میدانوں میں کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ سے جنون کی حد تک محبت رکھنے والے شائقین ہیں، جب وہ اپنے اسٹارز کو اپنے میدانوں میں کھیلتا دیکھیں گے تو انہیں سپورٹ کرنے ضرور آئیں گے۔ اس کے علاوہ ماضی میں بیرون ممالک سے آنے والی ٹیموں کو پاکستان کے عوام نے جس طرح محبت دی ہے انہیں ویل کم کیا ہے وہ سب کے سامنے ہیں۔ امید ہے کہ میگا ایونٹ سے قبل ہونے والی سیریز بھی اچھی ہونگی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button