سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِصدارت اہم اجلاس
وزیراعلیٰ پنجاب کے محکمہ پولیس کی کارکردگی کے تعین کیلئے متعارف کروائے گئے کی پرفارمنس انڈیکیٹرز(KPIs) کا جائزہ لیا گیا
پاکستان لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی):سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِصدارت پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے محکمہ پولیس کی کارکردگی کے تعین کیلئے متعارف کروائے گئے کی پرفارمنس انڈیکیٹرز(KPIs) کا جائزہ لیا گیا۔سی سی پی او لاہورنے کہا کہ کے پی آئیز کے مطابق پولیس افسران کے دروازے سائلین کیلئے کھلے رہنے چاہئیں اور کرپشن پر زیرو ٹالرنس ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق پولیس افسران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے سپر وائزری افسران کو اپنے ماتحت عملے کی کارکردگی جانچنے کیلئے فیلڈ دفاتر کے باقاعدگی سے دورے کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سپیشل انیشیٹیوپولیس اسٹیشنز پروگرام (SIPS)کے پروٹوکولز کی مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ محکمہ پولیس کے تمام ونگز باہمی اشتراک سے کام کریں،کریمنل گینگزکے خلاف بروقت کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ امن عامہ کے قیام کیلئے سرچ آپریشنز باقاعدگی سے کئے جائیں۔انہوں نے دوردراز علاقوں میں بھی ناکے لگانے اورجرائم پیشہ افرادپر کڑی نظر رکھنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں ہوائی فائرنگ اور پتنگ بازی کی سختی سے روک تھام کی جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ عام شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کی شکایات کو فوری نمٹایا جائے۔تحفظ مراکز اور میثاق سنٹر ز سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے۔انہوں نے انوسٹی گیشن کی کوالٹی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پرچوں کا اندراج اور تفتیش میرٹ اور انصاف پر کرنے کی ہدایت کی تا کہ بے گناہ کے ساتھ ناانصافی نہ ہو اورگناہ گار سزا سے بچنے نہ پائے۔اجلاس میں ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن)ذیشان اصغر، ڈی آئی جی(آپریشنز)محمد فیصل کامران،سی ٹی اور لاہور عمارہ اطہر، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری، ایس ایس پی(آپریشنز)تصور اقبال،ڈویژنل ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز، انچارجز(انوسٹی گیشن)نے شرکت کی۔