
ہوم ڈیپارٹمنٹ نے سب انسپکٹرز کی 449 نئی آسامیوں کی منظوری دے دی، آرڈر جاری۔ ترجمان پنجاب پولیس
پنجاب پولیس میں محکمانہ ترقیاں جاری، سب انسپکٹرز کی مزید آسامیاں منظور ،منظور ہونے والی تمام آسامیوں کو مختلف رینجز میں میرٹ کے مطابق محکمانہ پروموشنز سے فل کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب
لاہور:انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کی زیر ہدایت پنجاب پولیس میں ہر سطح پر میرٹ کے مطابق محکمانہ ترقیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں سب انسپکٹرزرینک پر ترقیوں کیلئے مزید آسامیاں منظور کرلی گئی ہیں۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے سب انسپکٹرز کی 449 نئی آسامیوں کی منظوری دیتے ہوئے آرڈر بھی جاری کر دئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 449 ٹریفک وارڈنز کی جگہ سب انسپکٹرز کی آسامیاں تخلیق کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ا ٓئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے کہاکہ سب انسپکٹرز کی یہ آسامیاں راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور ریجنز کے اضلاع کیلئے منظور ہوئیں، ان تمام آسامیوں کو میرٹ کے مطابق محکمانہ پروموشنز سے فل کیا جائے گا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ راولپنڈی ریجن میں 125، فیصل آباد ریجن میں 129، بہاولپور ریجن میں 125 اور ملتان ریجن میں سب انسپکٹر کی 70 آسامیاں منظور ہوئی ہیں۔ضلع راولپنڈی میں 70، اٹک میں 20، جہلم میں 18، چکوال میں 17،فیصل آباد میں 75، جھنگ میں 30، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 13، چنیوٹ میں 11، ملتان میں 37، وہاڑی میں 13، خانیوال میں 12، لودھراں میں 08، بہاولپور میں 48، بہاولنگر میں 31 اور رحیم یار خان میں سب انسپکٹرز کی 46 آسامیوں کی منظوری دی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انورنے کہاکہ مذکورہ بالا آسامیوں کے بجٹ اخراجات پنجاب پولیس اپنے موجودہ فنڈز سے ادا کرے گا اور سب انسپکٹر لیول پر سینکڑوں ترقیوں سے پولیس فورس کے مورال میں اضافہ ہوگا۔