اہم خبریںبین الاقوامیتازہ ترین

ٹرمپ کے حملہ آور نے ریپبلکن ووٹر ہونے کے باوجود ڈیموکریٹس کو چندہ دیا تھا

ایف بی آئی کے دفتر کے مطابق قاتلانہ حملے کا مرتکب تھامس میتھیو کروکس تھا جس کی عمر 20 سال ہے

قاتلانہ حملے کے چند گھنٹے بعد ایف بی آئی نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ اس نے اس شخص کی شناخت کر لی ہے جس نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پنسلوانیا میں ایک بڑی انتخابی ریلی کے دوران گولی مار دی تھی۔ ایف بی آئی کے دفتر کے مطابق قاتلانہ حملے کا مرتکب تھامس میتھیو کروکس تھا جس کی عمر 20 سال ہے۔ وہ ریپبلکن ووٹر کے طور پر رجسٹرڈ تھا لیکن اس نے ڈیموکریٹس کو چندہ دیا تھا۔

وال سٹریٹ جرنل نے یہ بھی بتایا کہ ٹرمپ کے قتل کی کوشش کے مشتبہ شخص نے اپنی کار میں دھماکہ خیز مواد چھپا رکھا تھا۔ العربیہ کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ بیس سال کے اس نوجوان کا کوئی سابقہ مجرمانہ ریکارڈ نہیں تھا۔ شوٹر کا تعلق پنسلوانیا کے قصبے بیتھل پارک سے ہے جو اسی ریاست کے شہر بٹلر سے 65 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ بٹلر میں ہفتے کی شام صدارتی انتخابات کے لیے ریپبلکن امیدوار کے لیے انتخابی ریلی نکالی گئی تھی۔

2022 میں گریجویشن
امریکی فاکس نیوز چینل کے مطابق کروکس کا گھر انتخابی ریلی سے تقریباً ایک گھنٹے کے فاصلے پر ہے۔ 1998 سے یہ گھر اس کے والدین میتھیو اور میری کروکس کی ملکیت ہے۔ کروکس نے 2022 میں بیتھل پارک ہائی سکول سے گریجویشن کیا اور ریاضی اور سائنس کے قومی پروگرام سے 500 ڈالر کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

اخبارات اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے 2022 میں سکول کی گریجویشن تقریب کے دوران کروکس کی ایک ویڈیو پھیلائی جہاں اسے حاضرین کی تالیوں کے درمیان سرٹیفکیٹ وصول کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ اس کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ وہ عینک اور سیاہ گریجویشن گاؤن پہنے ہوئے ہے اور ایک سکول اہلکار کے ساتھ کھڑا ہے۔

پنسلوانیا ریاست کے ووٹر سٹیٹ ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ کروکس 20 ستمبر 2003 کو پیدا ہوا اور وہ ایک رجسٹرڈ ریپبلکن ہے۔ اگرچہ اس نے "ریپبلکن” کے طور پر اندراج کیا تاہم فیڈرل الیکشن کمیشن کے ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ کروکس نے 17 سال کی عمر میں ایکٹ بلیو کو 15 ڈالر کا چندہ دیا جو ایک سیاسی ایکشن کمیٹی ہے جو بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والے اور جمہوری سیاست دانوں اور اقلیتوں اور کم آمدنی والے حلقوں کے وکالت کرنے والوں کے لیے رقم اکٹھا کرتی ہے۔ رئٹرز کے مطابق 5 نومبر کو ہونے والے آئندہ عام انتخابات میں پہلی مرتبہ کروکس نے ووٹ دینے کے قابل ہونا تھا۔

بندوق والد نے قانونی طور پر خریدی
کروکس کے والد میتھیو کروکس (53 سال) نے اپنے بیٹے کے بارے میں بات کرنے سے انکار کیا اور CNN کو بتایا کہ وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کیا ہوا ہے۔ وہ اس معاملے پر بات کرنے سے پہلے قانون نافذ کرنے والے حکام سے بات کریں گے۔ اے بی سی نے اطلاع دی ہے کہ اجتماع کی جگہ سے ملنے والا ہتھیار قانونی طور پر والد نے خریدا تھا۔

ٹرمپ کو گولی مارے جانے کے چند گھنٹے بعد قانون نافذ کرنے والی درجنوں گاڑیاں اور ایک بم سکواڈ مرنے والے حملہ آور کے گھر کے سامنے لگا دیا گیا۔

100 میٹر دور، نیم خودکار رائفل
سیکرٹ سروس نے ہفتے کے روز ایک بیان میں اعلان کیا کہ مشتبہ شخص نے اونچے مقام سے کئی بار فائرنگ کی۔ کروکس نے ٹرمپ سے تقریباً 100 میٹر دور ایک عمارت کی چھت سے فائرنگ کی۔ ایک امریکی اہلکار اور تفتیش سے واقف ایک اور شخص نے بتایا کہ کروکس نے اے آر 15 نیم خودکار رائفل کا استعمال کیا۔ حملے کے محرکات کے بارے میں ابھی تک کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

چہرے سے خون بہہ رہا تھا
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سابق صدر ہفتے کے روز پنسلوانیا میں ایک انتخابی ریلی میں اپنے حامیوں کے ہجوم میں تقریر کر رہے تھے۔ یہ واقعہ نومبر میں صدارتی انتخابات کے قریب آتے ہی سیاسی تناؤ کو بڑھا سکتا ہے۔ سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں نے فوری طور پر 78 سالہ ٹرمپ کو ریلی کے مقام سے نکال لیا تھا۔ اس دوران ان کے چہرے سے خون بہہ رہا تھا۔ جائے وقوعہ پر موجود لوگوں میں سے ایک ہلاک ہو گیا اور وہاں موجود دو افراد شدید زخمی ہو گئے اور حملہ آور بھی مارا گیا۔

حملے کے چند گھنٹے بعد ٹرمپ نے اپنے سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل” پر زور دیا کہ یہ پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے کہ ہم متحد رہیں اور برائی کو جیتنے کی اجازت نہ دیں۔ انہوں نے کہا وہ پیر کو وسکونسن کے شہر ملواکی میں شروع ہونے والے ریپبلکن نیشنل کنونشن میں شرکت کریں گے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button