صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’’اے پی پی‘‘ کے مطابق ایک بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے سابق امریکی صدر پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ سابق امریکی صدر پر حملے کا سن کر گہرا صدمہ پہنچا، صدر مملکت نے حملے میں اِنسانی جان کے ضیاع پر اظہارِ افسوس کیا۔
ادھر وزیر اعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق امریکی صدر اور دیگر افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی عمل میں ہرقسم کا تشدد قابل مذمت ہے، اس مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں نیک خواہشات ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملے میں زخمی ہوئے ہیں، ٹرمپ کے محافظوں نے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کیلئے اسٹیج پر موجود تھے اچانک فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اور گولی بظاہر سابق امریکی صدر کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔
عالمی رہنماؤں کی ٹرمپ پر حملے کی مذمت
امریکی صدر جو بائیڈن نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ جان کرخوشی ہوئی کہ ٹرمپ حملے میں محفوظ رہے، انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اس طرح کے تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے
ادھر سابق امریکی صدر بارک اوباما نے بھی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی جمہوریت میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں، یہ بات اطمینان بخش ہے کہ ٹرمپ خیریت سے ہیں، وہ اور مشل ٹرمپ کی صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔
برطانوی وزیر اعظم کی مذمت
برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریلی کے مناظر دیکھ کر حیرت زدہ ہیں، انہوں نے معاشرے میں کسی بھی شکل میں سیاسی تشدد کو ناقابل قبول قرار دیا۔
جاپان کے وزیر اعظم کی مذمت
جاپان کے وزیر اعظم فومیو کیشیدا نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ سیاسی تشدد کے خلاف سب کو اکٹھا کھڑا ہونا چاپیے۔