پاکستان اسلام آباد (نمائندہ وائس آف جرمنی):نمائندہ نےایف آئی اے کے حوالے سے بتایا کہ آئی بی ایم ایس کے ساتھ نفاذ کے بعد ایف آئی اے این سی بی انڑ پول نے پہلی کارروائی کرتے ہوئے 2 لاپتا بچوں کو اسلام آباد پہنچنے پر تحویل میں لے لیا۔ دونوں بچے بشکیک سے پاکستان پہنچے تھے۔بچوں کی گمشدگی کی اطلاع پنجاب پولیس کی جانب سے دی گئی تھی۔ بچوں کی گمشدگی کا مقدمہ 2022 میں لاہور کے تھانہ برکی میں درج کیا گیا تھا۔انٹرپول پاکستان نے بچوں کی گشمدگی کے ییلو نوٹس جاری کیے تھے۔ کامیاب کاروائی انٹرپول اسلام آباد اور ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد کے درمیان قریبی ورکنگ ریلیشن شپ کی وجہ سے ممکن ہوئی۔
تحویل میں لیے گئے بچوں کی شناخت محمد حذیفہ اور احمد عمیس عابد کے نام سے ہوئی۔ ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے بچوں کو متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا۔ نئے نافذ ہونے والے سسٹم کی بدولت گمشدہ بچوں کو تحویل میں لیا گیا۔ نئے سسٹم کے تحت امیگریشن ڈیٹا بیس کو انٹرپول کے ڈیٹا بیس سے منسلک کیا گیا ہے۔ اس سسٹم کے ذریعے گمشدہ بچوں، چوری شدہ پاسپورٹس اور سنگین جرائم میں مطلوب افراد کو پاکستان پہنچنے پر گرفتار کیا جا سکے گا۔ رواں سال اپریل میں انٹرپول فائنڈ سسٹم کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے۔