
بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 17371مقدمات درج،16841ملزمان گرفتار
ملکی وسائل کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔سی سی پی او لاہور
پاکستان لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی): لاہور پولیس نے رواں برس بجلی چوروں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 17371مقدمات درج کر کے16841ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
یہ بات ترجمان لاہورپولیس نے آج یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ اقبال ٹاؤن ڈویژن میں بجلی چوری کے2322ملزمان گرفتار،صدرڈویژن میں 2836، کینٹ ڈویژن میں 4947، ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 2727، سٹی ڈویژن میں 3052 اورسول لائنز ڈویژن میں 957ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں۔
کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری سے ملکی وسائل کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔سی سی پی او لاہورنے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری سے ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے پوری قوم کے مجرم ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے متعلقہ محکموں کو بھرپورمعاونت فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے بجلی چوری کے مقدمات کے چالان پراسیکیوٹر کی قانونی معاونت سے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایات کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی کہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اوربجلی چوری کی صورت میں پولیس اور متعلقہ اداروں کو بروقت مطلع کریں۔