کاروبار

ماڈل بازاروں میں فری ہوم ڈلیوری سروس کے ذریعے معیاری اشیاء کم قیمت پر لوگوں کی دہلیز پر فراہم کی جارہی ہیں

احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ ماضی میں وفاقی حکومت کے 1977کے ایکٹ کے تحت پرائس کنٹرول کے حوالے سے اقدامات کئے جارہے

پاکستان لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی): سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ ماضی میں وفاقی حکومت کے 1977کے ایکٹ کے تحت پرائس کنٹرول کے حوالے سے اقدامات کئے جارہے تھے اب صوبے میں پنجاب پرائس کنٹرول آف ایسنشیل کموڈیٹیز ایکٹ 2024 نافذ ہوگیا ہے جس کے تحت صوبائی وزیر صنعت و تجارت کی سربراہی میں پرائس کنٹرول کونسل تشکیل دی گئی ہے۔ پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی بھی بنائی جا رہی ہے جو ذخیرہ اندوزی، ناجائز تجاوزات کے خاتمے اور پرائس کنٹرول کے امور کو دیکھے گی جس سے مؤثر پرائس کنٹرول میکانزم سامنے آئے گا۔سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر انٹرویو کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل بازار حکومت کا زبردست اقدام ہے جس سے عوام کو بڑا ریلیف مل رہا ہے، ماڈل بازاروں میں اشیاء ضروریہ سرکاری نرخوں سے بھی کم قیمت پر مل رہی ہیں اب ماڈل بازاروں میں فری ہوم ڈلیوری سروس بھی شروع کردی گئی ہے جس کے ذریعے معیاری اشیاء خورد ونوش ڈی سی ریٹ سے بھی کم قیمت پر لوگوں کی دہلیز پر پہنچائی جا رہی ہیں۔ روٹی، نان اور بیکری آئٹمزکی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے اور ان کی قیمتوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں کم از کم ایک ماڈل بازار ضرور بنے گا جن 15اضلاع میں ماڈل بازار نہیں ہے، کوشش ہو گی اگلے سات ماہ میں وہاں ماڈل بازار مکمل ہوجائیں۔سیکرٹری صنعت و تجارت نے بتایا کہ ٹاؤن شپ کے ماڈل بازار کو سولر انرجی پر منتقل کر دیا گیا ہے باقی بازاروں کو بھی سولر انرجی پر منتقل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کو بھی سولر انرجی پر منتقل کرنے کے حوالے سے اقدامات کئے جارہے ہیں، قائداعظم بزنس پارک میں ساڑھے چھ سو ایکڑ رقبے پر گارمنٹ سٹی بنایا جا رہا ہے جو مکمل سولر انرجی پر ہوگا، گارمنٹ سٹی انڈسٹری،توانائی،تعمیرات و مواصلات سمیت 7محکمے مل کر مکمّل کریں گے۔گارمنٹ سٹی میں مرد و خواتین ورکرز کیلئے 2الگ الگ ہاسٹل بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم بزنس پارک کو سپیشل اکنامک زون کا درجہ حاصل ہے جس کی بدولت یہاں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت موجود ہے۔ احسان بھٹہ نے کہا کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں جنہیں جدید علوم سے آراستہ کرکے ملک ترقی خوشحالی کی منزل پا سکتا ہے۔ حکومت کا فرض ہے کہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا راستہ دکھائے، اسی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو جدید علوم سے آگاہی دینے کیلئے چیف منسٹر سکل ڈویلپمنٹ کا انقلابی پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید کورسز کرائے جا رہے ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button