جنرل

صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی ضلع ننکانہ صاحب آمد

پولیس خدمت مرکز اور گوردوراہ جنم استھان کا بھی دورہ

پاکستان لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی):صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے گزشتہ روز ضلع ننکانہ صاحب کا دورہ کیا جدھر ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد اور ڈی پی او صاعد عزیز نے ان کا استقبال کیا۔صوبائی وزیر نے ڈی سی کمیٹی روم میں ضلعی افسران سے ملاقات کے ساتھ میٹرک کے امتحانات میں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء کے والدین اور اساتذہ سے ملاقات کی اور ان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے طلباء میں شیلڈز اور انعامات بھی تقسیم کیے۔
بعد ازاں، صوبائی وزیر نے پولیس خدمت مرکز ننکانہ کا دورہ کیا جہاں دوران وزٹ ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد اور ڈی پی او صاعد عزیز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈی پی او نے صوبائی وزیر کو پولیس خدمت مرکز پر سہولیات کی فراہمی اور مرکز کو بنائے گئے ثقافتی تھیم کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے پولیس خدمت مرکز کی بلڈنگ کی تعمیر اور سروسز کی فراہمی کو بے حد پسند کیا اور ڈی پی او کو شاباش دی۔
ڈپٹی کمشنر نے صوبائی وزیر کو پولیس خدمت مرکز اور ضلعی انتظامیہ کے مشترکہ ڈیسک کے قیام کی سفارشات پیش کیں۔ صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر کی سفارشات کو وزیر اعلیٰ سے منظوری کے بعد جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی یقین دہانی کروائی۔
صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اس موقع پر کہا کہ پولیس خدمت مرکز پر شہریوں اور اقلیتوں کو سہولیات کی فراہمی انتہائی مثبت اقدام ہے۔
صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کے ہمراہ گوردوارہ جنم استھان کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے گوردوارہ جنم استھان میں عوام الناس کے مسائل سنے اور ان کے موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے وسیع تر اقدامات کر رہی ہے۔ پاکستان میں ہمیشہ امن کا پرچار کیا جاتا ہے اور معاشرہ سازی میں اقلیتوں کا انتہائی اہم کردار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کو اپنی عبادات اور تہوار منانے کے لئے پرامن ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button