پاکستان اسلام آباد(نمائندہ وائس آف جرمنی):وفاقی وزیر رانا تنویر حسین سے کوریا پروگرام برائے بین الاقوامی زراعت کے وفد نے ملاقات کی ۔وفد کی قیادت پاکستان میں جمہوریہ کوریا کی سفیر پارک کی جون کر رہی تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان اور جمہوریہ کوریا زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی کے منصوبوں پر مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ سیڈ پوٹو کمپلیکس کا افتتاح بدھ کو پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل میں ہو گا، اقدام سے بیج کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی، دو طرفہ تعاون ملک میں زرعی پیداوار کو بڑھانے اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے اہم قدم ثابت ہوگا،ایروپونکس کے ذریعے آلو کے بیج کی پیداوار پر جدید تحقیق ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ پاکستان کو جدید کوریائی ایروپونک نظام کی منتقلی میں سہولت فراہم کریگا، پراجیکٹ غذائی تحفظ کے چیلنجوں سے نمٹنے اور پائیدار زراعت کو فروغ دے گا۔پارک کی جون نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ زرعی شعبے میں تعاون جاری ہے، پاکستان میں زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی میں مدد فراہم کر رہے ہیں، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضروری تربیت بھی کوریا فراہم کریگا۔