انٹرٹینمینٹاہم خبریںتازہ ترین

دہشتگردی کا خطرہ، ٹیلر سوئفٹ کے ویانا میں ہونے والے کنسرٹس منسوخ

مشہور امریکی گلوکارہ ویانا کے ارنسٹ ہیپل سٹیڈیم میں جمعرات، جمعے اور سنیچر کو اپنے ایراز ٹور کے سلسلے میں کنسرٹس کرنے والی تھیں۔

مشہور امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہونے والے کنسرٹس دہشت گردی کے ممکنہ حملے کے خطرے کے باعث منسوخ کر دیے گئے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ٹیلر سوئفٹ کے ویانا میں ہونے والے تین کنسرٹس کو آرگنائزرز نے اس وقت منسوخ کیا جب حکام نے ویانا میں دہشتگردی کے حملے کرنے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتاریاں کیں۔
مشہور امریکی گلوکارہ ویانا کے ارنسٹ ہیپل سٹیڈیم میں جمعرات، جمعے اور سنیچر کو اپنے ایراز ٹور کے سلسلے میں کنسرٹس کرنے والی تھیں۔
ایونٹ کے آرگنائزر بارا کُوڈا میوزک نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کہا کہ ’تمام لوگوں کی حفاظت کے لیے ہمارے پاس تین شیڈول شو منسوخ کرنے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں تھا۔‘
اس سے قبل بدھ کے روز حکام نے بتایا تھا کہ انہوں نے دو مشتبہ شدت پسندوں کو گرفتار کیا ہے جن میں سے ایک کا مقصد ویانا میں حملہ کرنا تھا جہاں کنسرٹس ہونے تھے۔
گرفتار ہونے والے ایک شخص کی عمر 19 سال ہے جسے جنوبی ویانا کے علاقے ٹیرنٹس سے گرفتار کیا گیا جبکہ دوسرے شخص کو ویانا سے حراست میں لیا گیا۔
آسٹریلیا کی وزارت داخلہ کے پبلک سکیورٹی ڈائریکٹر فرانز رُوف کا اس بارے میں کہنا ہے کہ حکام ممکنہ حملے کے بارے میں پہلے سے ہی خبردار تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 19 سال کے حملہ آور کا مقصد ویانا میں ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹ پر حملہ کرنا تھا۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ گرفتار ہونے والا آسٹریائی شہری انٹرنیٹ کے ذریعے شدت پسند بنا۔ اس سے کیمیکل مواد برآمد کیا گیا۔
آسٹریا کے چانسلر کارل نیہامار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ’آرگنائرز کی جانب سے ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹ کو منسوخ کرنا اُن کے آسٹریا میں تمام مداحوں کے لیے نہایت مایوس کن بات ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ویانا میں ممکنہ دہشتگردی کے حملوں کے حوالے سے حالات بہت زیادہ سنگین تھے۔‘
خیال رہے کہ ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹ کے لیے ویانا سٹیڈیم کی تمام ٹکٹیں فروخت ہو چکی تھیں۔
ان کنسرٹس میں لگ بھگ ایک لاکھ 70 ہزار مداحوں کی آمد متوقع تھی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button