گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 12 گرفتاریاں، 13 دکانیں سیل
گزشتہ روز 3266 مقامات کی چیکنگ کے دوران 26 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 209 خلاف ورزیوں پر 9 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):ضلعی انتظامیہ لاہور نے گراں فروشوں کے خلاف کاروائیاں تیز کر دی ہیں۔ گزشتہ روز 3266 مقامات کی چیکنگ کے دوران 26 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 209 خلاف ورزیوں پر 9 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز نے فیلڈ میں سرپرائز دورے کیے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی رائے بابر نے سگیاں روڈ اور اسلام پورہ بازار میں پرائس انسپکشن کی اور متعدد تندوروں کی چیکنگ کے دوران مالکان کو وارننگز جاری کیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ خلاف ورزی پر مقدمات درج کیے جائیں گے۔
اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نبیل میمن نے مصطفیٰ آباد مارکیٹ میں فروٹ و سبزیوں کی قیمتوں کا جائزہ لیا اور ریٹ لسٹ نمایاں جگہ آویزاں نہ ہونے پر 20 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن صاحبزادہ یوسف نے مکہ کالونی میں تندوروں اور سبزی و پھلوں کی ریڑھیوں پر پرائس انسپکشن کی اور خلاف ورزیوں پر 45 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا جبکہ 2 مقدمات بھی درج کیے۔ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن نے متعلقہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو ہدایت کی کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ زینب طاہر نے بختی چوک رائیونڈ سٹی میں ریڑھی بازار کا دورہ کیا اور پھل و سبزی فروشوں کو ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے خریداری کے لیے آئے ہوئے صارفین سے بھی براہ راست فیڈ بیک حاصل کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر شالیمار انعم فاطمہ نے پنجاب کیش اینڈ کیری کا معائنہ کیا اور ڈی سی کاؤنٹر مینیٹین نہ ہونے پر 25 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ انہوں نے متعلقہ مجسٹریٹ کو ہدایت کی کہ ڈی سی کاؤنٹر مینیٹین کروایا جائے۔
ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا کہ انتظامی افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور پھل و سبزی فروشوں کو ریٹ لسٹ نمایاں جگہ آویزاں نہ کرنے پر وارننگز دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو بنیادی سطح تک ریلیف فراہم کرنے کی کوشش جاری ہے۔