پنجاب حکومت کادستک پروگرام کے تحت سروسز کی فراہمی مزید آسان بنانے کا فیصلہ
آئی ٹی کے ذریعے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں لا رہے ہیں، شہری دفاتر کے چکر لگائے بغیر گھر بیٹھے دستک سروسز حاصل کر سکتے ہیں، ابتدائی طور پر لاہور میں ڈومیسائل، ای سٹیمپنگ، ڈیتھ، برتھ، میرج سرٹیفیکیٹس سمیت 41سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔ چیف سیکرٹری
لاہور (نمائندہ وائس آف جرمنی): پنجاب حکومت نے دستک پروگرام کے ذریعے لوگوں کو گھر بیٹھے سروسز کی فراہمی مزید آسان بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کے رولز میں ترامیم کی جائیں گی۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس پیر کے روز سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں دستک پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بلدیات، مواصلات و تعمیرات کے سیکرٹریز، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ پنجاب حکومت آئی ٹی کے ذریعے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں لا رہی ہے، شہری دفاتر کے چکر لگائے بغیر گھر بیٹھے دستک پروگرام کے تحت فراہم کی جانیوالی سروسز حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر لاہور میں ڈومیسائل، ای سٹیمپنگ، ڈیتھ، برتھ، میرج سرٹیفیکیٹس سمیت 41سروسز فراہم کی جا رہی ہیں، پروگرام کا دائرہ کار بتدریج دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ دستک پروگرام جلد تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں شروع کر دیا جائیگا جبکہ اگلے مرحلے میں اضلاع اور سروسز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔