آئی جی سندھ سے لاہور پریس کلب کے 17رکنی وفد کی ملاقات
آئی جی سندھ نے کہا کہ پاکستان کے بڑے صوبے کے صحافی حضرات کا سندھ کے دورے پر آنا انتہائی خوش آئند اور باعث مسرت ہے۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی منصور بخاری): آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں لاہور پریس کلب کے17 رکنی وفد نے پریس کلب لاہور کے صدر محمد ارشد انصاری کی قیادت میں ملاقات کی۔ملاقات کے لیئے آنیوالے وفد کے شرکا میں صدر پی یو جے (PUJ) سمیت لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی کے ممبران،میڈیا چینلز کے نمائندگان اورصحافی شامل تھے۔علاوہ ازیں اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرزسندھ، اے آئی جیز،ایڈمن،میڈیااینڈ پبلک ریلیشنز ونگ، آپریشنز،ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات سندھ بھی موجود تھے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ پاکستان کے بڑے صوبے کے صحافی حضرات کا سندھ کے دورے پر آنا انتہائی خوش آئند اور باعث مسرت ہے۔پوری دنیا کی طرح ہمیں بھی جرائم کے حوالے سے کچھ چیلنجز کا سامنا ہے۔تاہم ہمارے لیئے اربن ایریاز میں اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ اور کچے کے ایریاز میں امن و امان کا قیام ایک چیلنج ہے۔سندھ میں دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ہنی ٹریپ کے چنگل میں پھنسانے کے لیئے کچہ کے علاقوں میں جھانسہ یا لالچ دیکر بلایا جاتا ہے اور ایسے جرائم کے انسداد کے لیئے کچہ کے راستوں پر قائم پولیس چوکیوں کی جانب سے سخت اقدامات اورچیکنگ کی بدولت تقریبا 700 سے زائد شہریوں کو ہنی ٹریپ کے جال سے پولیس نے بچایا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جرائم کے نت نئے طریقوں اور چیلنجز سے نبردآزما ہونیکے لیئے حکومت سندھ نے پولیس کو جدید ہتھیار فراہم کردیئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ 7 ماہ کے دوران سندھ پولیس نے 45 بڑے نامور اور خطرناک ڈاکوں اور مختلف گینگز کا خاتمہ کیا ہے۔علاوہ اذیں کراچی میں بھی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں نمایاں کمی آئی ہے اور اس حوالے سے اعداد و شمار کے مطابق جنوری میں اسٹریٹ کرائمز کی یومیہ تعداد 272 تھی جو کہ جولائی میں بتدریج کم ہوکر 160 پر آگئی ہیں۔جبکہ شہروں میں انسداد جرائم کے لیئے چہرہ شناس کیمروں کی تنصیب سے بھی کرائم پر پولیس کنٹرول کو تقویت ملی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں سے اپنے گھروں کے اطراف سمیت تجارتی/ صنعتی ایریاز میں کیمرے نصب کرنے کی اپیل کی ہے اور تقریبا کراچی شہر میں 40 ہزار کیمرے شہریوں نیاپنے گھروں اور کاروباری مقامات پر نصب کردیئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کے پہلے مرحلے میں آئندہ سال جون تک شہر بھر میں تقریبا1200کیمرے نصب کیئے جائیں گے۔غلام نبی میمن نے وفد کو بتایا کہ سندھ حکومت نے افسران کے دفاتر کے بجٹ میں کمی کرکے تھانوں کو بجٹ فراہم کررہی ہے۔جبکہ سندھ حکومت نے شعبہ تفتیش میں بہتری کے لیئے ماہانہ ایک بنیادی تنخواہ اضافی کے علاوہ ایڈوانس کیس الانس کی فراہمی کا بھی آغاز کردیا ہے علاوہ اذیں پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیئے سندھ حکومت کی جانب سے 10 لاکھ روپے تک کی ہیلتھ انشورس فراہم کی جارہی ہے۔اس موقع پر صدر پریس کلب لاہور کا کہنا تھا کہ سندھ میں قیام امن کے لیئے کیئے جانیوالے اقدامات قابل و لائق ستائش و تعریف ہیں۔وفد نے کہا کہ حکومت سندھ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور فلاح کے لیئے لائق ستائش کام کررہی ہے۔