پاکستان

پاکستان پنجاب: اسپیکر پنجاب اسمبلی نے عمران خان کا آرمی چیف کو خط ’ترلے کی آخری حد‘ قرار دیدیا

یہ خط انہی خطوط کی ایک کڑی ہے جب ان کی صوبوں میں حکومت تھی اور وزیر خزانہ شوکت ترین ملک کو ڈیفالٹ کروانے پر تلے ہوئے تھے، ملک محمد احمد خان

(سید عاطف ندیم-پاکستان): اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا آرمی چیف کو خط لکھنے کا مطلب پنجابی میں بتایا جائے تو وہ ترلے کرنے کی آخری حد ہے۔پنجاب اسمبلی احاطہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خط کا مفصل جواب وصول کنندہ کی جانب سےآچکا ہے۔’جن کو خط لکھا گیاانہوں نے کہاکہ میں اس خط کو پڑھوں گا بھی نہیں اور ویسے ہی وزیراعظم کو بھیج دوں گا، اگر خط وصول کنندہ نہیں پڑھیں گے تو وزیر اعظم بھی نہیں پڑھیں گے۔‘
ملک محمد احمد خان کے مطابق یہ خط انہی خطوط کی ایک کڑی ہے، جب ان کی صوبوں میں حکومت تھی اور وزیر خزانہ شوکت ترین ملک کو ڈیفالٹ کروانے پر تلے ہوئے تھے۔’ماضی میں ان کی پہلے بھی کوشش رہی کہ ملک ڈیفالٹ کا شکار ہوجائے، ان کا ایجنڈا صرف ایک تھا کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے، وہ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام، عدالتوں میں تقسیم اور معاشی عدم استحکام لانا چاہتے تھے۔‘
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ معزز جج صاحبان کا سابق وزیر اعظم کو گھر بھیجنے کی صورتحال سب کے سامنے ہے، کس طرح جج صاحبان نے 184 تین کو 58 ٹو بی کے ساتھ مکس کیا۔ملک محمد احمد خان کے مطابق آج پوری دنیا میں ٹیرف ریٹ پر بات ہورہی ہے، بھارتی وزیر اعظم امریکا میں بیٹھے ٹریڈ ٹیرف پر بات کررہے ہیں، بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھیوں کا ایجنڈا کیا ہے۔
’عمرایوب جو آئی ایم ایف کو خط لکھ رہے ہیں اس کی کیا وجوہات ہیں کہ پیادے دوبارہ شروع ہو گئے ہیں جبکہ معاشی اشاریے درست سمت میں جانا شروع ہو گئے ہیں۔‘
اسپیکر ملک محمد احمد خان نے محکموں کے سامنے بے بسی کا اعتراف کرلیا، اپوزیشن کے نکتہ اعتراض پر تحریک التوائے کار کے معاملہ پر اسپیکر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر خود بھی تذبذب کا شکار ہوں۔آئین میں کیسے ترمیم کی جائے اور اس کی درستگی کیسے ہوگی، تحریک التوا روزانہ نہیں بلکہ بہت اہم نوعیت کے معاملہ پر آنی چاہیے، اگر بہت اہم معاملہ ہوتو پھر اسمبلی کارروائی کو معطل کردیا جائے اس پر بحث سے قرارداد لاکر حل تلاش کیاجائے۔
ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ تحریک التوائے کار کامعاملہ اصلاحات کمیٹی میں لے کر گئے تو کمیٹی میں اپوزیشن ارکان کو بھی بلاکر لائحہ عمل طے کریں گے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button