
ڈی آئی جی کی سربراہی میں قائم خصوصی یونٹ انسداد سمگلنگ کارروائیوں کے آپریشنل معاملات کی نگرانی کریگا۔ چیف سیکرٹری
سمگلنگ کی روک تھام کیلئے پنجاب پولیس میں خصوصی یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ، کسٹمز، انتظامیہ اورپولیس اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں سمگل شدہ پیٹرول کی فروخت کیخلاف کریک ڈاؤن کریں، صوبائی محکموں کومتعلقہ وفاقی اداروں کیساتھ ملکریوریا اور گندم کی سمگلنگ روکنے کا لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): سمگلنگ کی روک تھام کیلئے کئے جانیوالے اقدامات اور کارروائیوں سے متعلق آپریشنل معاملات کی نگرانی کیلئے پنجاب پولیس میں خصوصی یونٹ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فیصلہ چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل اور چیف کلکٹر کسٹمز (انفورسمنٹ) ذوالفقار علی چوہدری کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران کیا گیا گیا۔ اجلاس میں سمگلنگ کیخلاف موثر کارروائیوں کیلئے پولیس، انٹیلی جنس اداروں، متعلقہ محکموں کے درمیان تعاون بڑھانے اور فعال کرنیکا فیصلہ بھی کیا گیا۔
چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ ڈی آئی جی کی سربراہی میں قائم خصوصی یونٹ انسداد سمگلنگ کارروائیوں کے آپریشنل معاملات کی نگرانی کریگا۔انہوں نے ہدایت کی کہ صوبائی محکمے متعلقہ وفاقی اداروں کیساتھ ملکریوریا اور گندم کی سمگلنگ روکنے کا لائحہ عمل تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ سمگلنگ کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کو تسلسل کیساتھ جاری رکھنا ہوگا، صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد سمگلنگ کے اجلاس میں پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔
ذوالفقار علی چوہدری نے کہا کہ کسٹمز، انتظامیہ اورپولیس اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں سمگل شدہ پیٹرول کی فروخت کیخلاف کریک ڈاؤن کریں۔
انہوں نے کہا کہ سمگل شدہ پیٹرول فروخت کرنے والے پیٹرول پمپس کو فوری طور پر سیل کر دیا جائے اورمتعلقہ اتھارٹی کے اجازت نامے کے بغیر اسے کسی صورت نہ کھولا جائے۔انہوں نے کہا کہ سمگلنگ پر قابو پانا پولیس اور انتظامیہ کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔
محکمہ داخلہ اور کسٹمز کے حکام نے اجلاس کو بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ سمگلنگ کی روک تھام کیلئے صوبے میں 56مقامات پر چیک پوسٹیں قائم کی گئیں ہیں، انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کیلئے پولیس کی جانب سے محکمہ کسٹمز کو مکمل تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خوراک، زراعت اور اعلیٰ عسکری و پولیس حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔