چیئرمین این ڈی ایم اے کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل یونیسکو سے ملاقات
چیئرمین این ڈی ایم اے نے موثرانداز میں آفات سے نمٹنے کے لیے علاقائی سطح پر تعاون کی اہمیت پر زور دیا
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اپنے دورہ کے دوران پیرس میں یونیسکو کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے نیچرل سائنسز، لیڈیا بریٹوکے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان کے آفات سے نمٹنے اور خطرات کے تدارک کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمعہ کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران جدید ٹیکنالوجی کے اصولوں پر استوار بین الاقوامی میعار کے ڈی آر آر ماڈلز کو لائحہ عمل اور منصوبوں میں شامل کر کے آفات سے نمٹنے کے طریقہ کار کو مزید موئثر بنانے پر غور کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پیش گوئی کے نظام کر مزید موثر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ کی اہمیت پر بھی بات چیت ہوئی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے موثرانداز میں آفات سے نمٹنے کے لیے علاقائی سطح پر تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے آفات کے خطرات کو کم کرنے اور خطرات کے تدارک کے لیے اپنی آرا اور تجاویز بھی پیش کیں جن پر عمل کرتے ہوئے بروقت کارروائی اور وسائل کی تقسیم کے ذریعے آفات کے بعد ہونے والے نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ ملاقات میں موثر اور قابل اعتبار ارلی وارننگ سسٹم کے علاوہ معلومات کے بروقت تبادلہ کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا تا کہ نقصانات کو کم کرنے اور خطرات کے تدارک میں مدد مل سکے۔ چئیرمین این ڈی ایم اے نے پیچیدہ سائنسی ڈیٹا کو آسان بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ خطرے سے دوچار علاقوں میں فیصلہ سازوں کے لیے معلومات سے فائدہ اٹھانا آسان تر ین بنایا جا سکے۔
لیڈیا بریٹو نے آفات سے نمٹنے اور خطرات کے تدارک کے شعبہ میں پاکستان کی کوششوں اور قبل از وقت وارننگ سسٹم کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ سمیت سائنسی ڈیٹا عالمی سطح پر آفات کے اثرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ ملاقات آفات کے خطرات اور نقصانات میں کمی اورتیاری کے لیے معاون ثابت ہو گی سینڈائی فریم ورک کے اہداف کے حصول میں بھی معاونت فراہم کرے گی۔