پنجاب پولیس کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز
گذشتہ ایک سال میں صوبہ بھر میں بجلی چوری میں ملوث 01 لاکھ 05 ہزار 753 افراد گرفتار، ترجمان پنجاب پولیس
لاہور بیورو رپورٹ: وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب پولیس کاصوبہ بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس ٹیمیں بجلی چوروں کے خلاف سخت کاروائیاں یقینی بنا رہی ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گذشتہ ایک سال میں صوبہ بھر میں بجلی چوری میں ملوث 01 لاکھ 05 ہزار 753 افراد گرفتارکیا گیا جن کے خلاف 140570 مقدمات درج کئے گئے،ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 96800 مقدمات کے چالان مکمل کرکے جمع کروائے گئے اور20 ہزار سے زائد بجلی چوروں کو جیل بھجوایا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 45242 بجلی چور گرفتار ہوئے اور 45728 مقدمات درج کئے گئے،لاہور میں 23314 مقدمات کے چالان جمع کروائے گئے، 12146 ملزمان کو جیل بھجوایا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بجلی چوری مقدمات میں بلا تفریق کاروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کے خلاف زیرو ٹالرنس کے تحت سخت کاروائیاں جاری رکھی جائیں، آئی جی پنجاب نے کہاکہ بجلی چوری کے اشتہاریوں کو فوری گرفتار کیا جائے، ریکوری کی شرح کو مزید بہتر بنایا جائے، متعلقہ بجلی کمپنیوں کے اشتراک سے مقدمات کا بلا تاخیر اندراج اور سخت لائحہ عمل اپنایا جائے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس ٹیمیں بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن میں الیکٹرسٹی کمپنیوں کو بھرپور سپورٹ کی فراہمی جاری رکھیں۔