انٹرٹینمینٹ

فواد خان کی بالی وُڈ میں واپسی، وانی کپور کے ساتھ نئی فلم میں نظر آئیں گے

امریکی جریدے ورائٹی کے مطابق فواد خان اور وانی کپور نے اپنی آنے والی نئی رومانوی کامیڈی فلم ’عبیر گلال‘ کی لندن میں شوٹنگ کا آغاز کر دیا ہے جو اکتوبر اور نومبر تک جاری رہے گی۔

پاکستانی سپر سٹار فواد خان اور بالی وڈ کی معروف اداکارہ وانی کپور جلد ایک ساتھ فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔
امریکی جریدے ورائٹی کے مطابق فواد خان اور وانی کپور نے اپنی آنے والی نئی رومانوی کامیڈی فلم ’عبیر گلال‘ کی لندن میں شوٹنگ کا آغاز کر دیا ہے جو اکتوبر اور نومبر تک جاری رہے گی۔
اس فلم کی ہدایت کاری آرتی ایس باگدی کر رہی ہیں اور اسے انڈین سٹوریز، اے رچر لینز اور آرجے پکچرز نے پروڈیوس کیا ہے۔ اس کے پروڈیوسرز میں وویک بی اگروال، اونتیکا ہری اور راکیش سپی بھی شامل ہیں۔
فلم کی ہدایت کار آرتی ایس باگدی نے ورائٹی کو بتایا کہ ’فلم کی کہانی دو کرداروں کے گرد گھومتی ہے جو دل ٹوٹنے کے بعد غیرارادی طور پر ایک دوسرے کو جذباتی طور پر مدد کرتے ہیں اور نتیجے میں ایک دوسرے سے محبت کر بیٹھتے ہیں۔‘
پاکستانی ڈراموں سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار فواد خان نہ صرف اپنے ملک میں بلکہ انڈیا میں بھی کافی مقبول ہیں اور انہوں نے بالی وڈ کی کامیاب ترین فلموں جیسے کہ ’خوبصورت‘ اور ’کپور اینڈ سنز‘ میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
فواد خان سنہ 2022 میں آنے والی ہالی وڈ فلم ’مس مارول‘ اور سنہ 2022 میں آنے والی پاکستان کی ہٹ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں بھی ادکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پاکستان کی سب سے ہٹ فلموں میں سے ایک ہے اور حال ہی میں اسے انڈیا میں ریلیز کرنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔ تاہم انڈیا میں دائیں بازو کے ایک گروہ کے اعتراض کے بعد ’مولا جٹ‘ کی ریلیز انڈیا میں روک دی گئی ہے۔
دوسری جانب وانی کپور نے 2021 کی انڈین فلم ’چندی گڑھ کرے عاشقی‘ میں کام کیا تھا جس کے بعد انہیں منفی شہرت حاصل ہوئی۔
وانی کپور آنے والی نیٹ فلکس کی کرائم تھرلر سیریز ’مڈالا مرڈرز‘ اور بالی ووڈ ڈرامہ کامیڈی ’بدتمیز گِل‘ میں بھی مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی۔
عبیر گلال کے پروڈیوسر نے ایک بیان میں کہا کہ ’دنیا بھر میں فواد خان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ ناظرین اس فلم کو دل سے قبول کریں گے، کیونکہ یہ فواد خان کو ان کے اب تک کے سب سے بہترین کردار میں دکھانے والی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’توقع ہے کہ فواد اور وانی کے درمیان کیمسٹری اور ان کی بہترین اداکاری سکرین پر دلکش طریقے سے نظر آئے گی۔‘
واضح رہے انڈیا اور پاکستان کے درمیان سیاسی تنازعات کے باعث 2016 سے پاکستانی فنکاروں کے انڈین فلموں میں کام کرنے پر پابندی عائد ہے۔
گذشتہ سال 2023 میں ممبئی ہائی کورٹ نے پاکستانی فنکاروں کے انڈیا میں کام کرنے پر باضابطہ طور پر پابندی لگانے کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ ’فنون، موسیقی، کھیل، ثقافت، رقص وغیرہ وہ سرگرمیاں ہیں جو قومیت، ثقافت سے بڑھ کر ہیں اور مختلف قوموں کے درمیان امن، اتحاد اور ہم آہنگی پیدا کرتی ہیں‘۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button