جنرل

وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے آذربائیجان کے وزیر مملکت برائے داخلہ علیوف عصمت راشد کی ملاقات، استنبول انٹرنیشنل ایکسپو میں پاکستانی پویلین کا دورہ بھی کیا

علیوف عصمت راشد نے پاکستان آرڈننس فیکٹریز کے جدید آلات اور مشینری دیکھی اور اس کی تعریف کی۔ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا

استنبول(ویب ڈیسک):وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے آذربائیجان کے وزیر مملکت برائے داخلہ علیوف عصمت راشد نے ملاقات کی۔دونوں ممالک کے وزرا کے درمیان کثیر الجہتی برادرانہ تعلقات ،باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بات چیت ہوئی ۔آذربائیجان کے وزیر مملکت برائے داخلہ نے چند روز قبل شمالی بحیرہ عرب میں 145 ملین ڈالر مالیت کی 2400 کلو گرام سے زائد منشیات ضبط کرنے کے پاک بحریہ کے کامیاب آپریشن کو سراہا۔
وزیر مملکت داخلہ آذربائیجان نےوزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کی قیادت میں پاکستانی حکام کی کاوشوں کی تحسین کی ۔آذربائیجان کے وزیر مملکت داخلہ نے استنبول انٹرنیشنل ایکسپو میں پاکستانی پویلین کا دورہ کیا۔ انہوں نےپاکستانی پویلین میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان آرڈننس فیکٹریز کے جدید آلات اور مشینری دیکھی اور اس کی تعریف کی۔ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
وزرا نےباہمی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں انسانی سمگلنگ کی روک تھام۔ بارڈر مینجمنٹ اور انسداد منشیات کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔وزرا نے باہمی تعاون کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کے لیے مستقبل میں روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آذربائیجان کے وزیر مملکت برائے داخلہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جبکہ آذربائیجان کے وزیر مملکت برائے داخلہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو باکو کے دورے کی دعوت دی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات ہیں۔دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ آذربائیجان برادر اسلامی ملک ہے۔ پاکستان اور آذربائیجان تاریخی و تہذیبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جیند بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button