آئیسکو کی بدنامی کا باعث بننے والے ایس ڈی او اڈیالہ کیخلاف شکایات کے انبار
چیئرمین دھمیال موہری غزن واٹر سپلائی اور ممبران کی آئیسکو چیئرمین کو تحریری شکایت‘ ایس ڈی او کے تبادلہ کا مطالبہ، ایس ڈی او کیخلاف رات کو گھروں میں داخل ہونے‘ خواتین سے بدتمیزی‘ رشوت الزامات کی خفیہ انکوائری کروائی جائے‘ شہری
راولپنڈی (نامہ نگار): بجلی کے بل جمع کرائے جانے کے باوجود آئے روز بجلی کاٹ کے ہزاروں افراد کو اذیت پہنچانے والے اور آئیسکو کی بدنامی کا باعث بننے والے ایس ڈی او اڈیالہ کیخلاف چیئرمین آئیسکو اسلام آباد کو تحریری درخواست دیدی گئی۔ چیئرمین واٹر سپلائی سکیم دھمیال اور موہری غزن غفار خان بھٹی‘ سیکرٹری راجہ احسان اور ممبران عامر اقبال‘ حاجی نذر‘ محمد اسماعیل‘ محمد نصیر‘ محمد الیاس اور اہالیان علاقہ کے مطابق 9کالونیاں واٹر سپلائی سے مستفید ہو رہی ہیں۔ واٹر سپلائی کے بجلی کے بل باقاعدگی سے جمع کرائے جا رہے ہیں جبکہ پرانی واٹر سپلائی کمیٹی کے بقایا جات بھی ساتھ ساتھ آئیسکو حکام کی ہدایت کے مطابق جمع کرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوری 2024سے واٹر سپلائی کا نظام بہترین انداز میں چلایا جا رہا ہے لیکن شاہد نامی ایس ڈی او اڈیالہ انہیں بلیک میل کر رہا ہے‘ ٹیوب ویلوں کی بجلی کے لنک آئے روز کٹوا دیتا ہے جس سے ہزاروں عوام کو پانی کی سپلائی متاثر ہونے سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بارہا انہیں تمام جمع شدہ بجلی کے بل دکھا چکے ہیں لیکن ایس ڈی او کہتا ہے کہ میرے سسٹم میں ادا شدہ بل شو نہیں ہو رہے۔ چیئرمین واٹر سپلائی کمیٹی اور دیگر ممبران نے چیئرمین آئیسکو سے اپیل کی کہ مذکورہ ایس ڈی او شاہد کو ہزاروں افراد کو تکلیف پہنچانے پر فوری ٹرانسفر کیا جائے۔ ادہر عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایس ڈی او کیخلاف اس سے قبل بھی متعدد سنگین الزامات پرنٹ میڈیا پر شائع ہو چکے ہیں لیکن کوئی کارروائی تاحال نہیں ہوئی۔ انہوں نے اپیل کی کہ سنگین الزامات کی خفیہ ذرائع سے انکوائری کروائی جائے اور ایس ڈی او کو فوری تبدیل کر کے کسی نیک نام ایس ڈی او کی تعیناتی عمل میں لائی جائے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ ایس ڈی او شاہد کیخلاف اس سے قبل بھی درجنوں سنگین شکایات ہیں جن میں عرفان نامی اہلکار کے ہمراہ رات کے اندھیرے میں لوگوں کے گھروں میں داخل ہونا اور انکی بہو بیٹیوں کو تنگ کرنا‘ جعلی بجلی چوری کے کیس بنا کر شہریوں کو بلیک میل کرنے اور مبینہ رشوت وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یا تو ایس ڈی او شاہد اتنا بااثر ہے اور اسکی سرپرستی کوئی تگڑا افسر کر رہا ہے یا پھر وہ دیگر افراد کو دے دلا کر ہر سنگین معاملہ دبا دیتا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف‘ وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری‘ چیئرمین آئیسکو سمیت متعلقہ سپرنٹنڈنگ انجینئر راولپنڈی کینٹ فوری خفیہ انکوائری کروائیں تاکہ عوام علاقہ سکون کا سانس لے سکیں اور آئیسکو کی بھی نیک نامی ہو۔ ادہر متعلقہ ایس ڈی او شاہد اور ایکسین طارق آباد دھمیال سے موقف لینے کیلئے بارہا کال کی گئی تو انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی جبکہ ایس ڈی او نے کئی بار کال کاٹ دی۔