مریم نواز کا انڈیا کے ساتھ ’سموگ ڈپلومیسی‘ شروع کرنے کا عندیہ
منگل کو لاہور میں دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انڈیا اور پاکستانی پنجاب کو مل کر سموگ کے مسئلے کا حل نکالنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ’سموگ کے معاملے پر انڈین پنجاب کے وزیراعلیٰ کو خط لکھنے کا سوچ رہی ہوں، سموگ کے خاتمے کے لیے انڈیا کے ساتھ سفارتکاری کرنا ہو گی۔‘
منگل کو لاہور میں دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انڈیا اور پاکستانی پنجاب کو مل کر سموگ کے مسئلے کا حل نکالنا ہوگا۔
صوبہ پنجاب کے محکمہ ماحولیات کا ماننا ہے کہ اس وقت لاہور کو جس سموگ کا سامنا ہے وہ انڈیا سے آنے والی آلودہ ہواؤں کی وجہ سے ہے۔
پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کے دفتر سے لاہور کے لیے ایمرجنسی الرٹ بھی جاری کیا گیا۔
انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عمران حامد شیخ نے اُردو نیوز کو بتایا تھا کہ ’گذشتہ چند روز سے ہواؤں کا رُخ تبدیل ہوا ہے اور یہ انڈیا کے شہروں امرتسر اور چندی گڑھ سے 7 کلومیٹر کی رفتار سے پاکستان میں داخل ہو رہی ہیں جس سے لاہور کی فضا زیادہ آلودہ ہوئی ہے۔‘
انہوں نے کہا تھا کہ ’جتنی کوشش ہم کر رہے ہیں کہ اس کوریڈور کو سموگ فری کریں ویسی کوششیں انڈیا کی جانب سے نہیں ہو رہیں۔‘