اہم خبریںپاکستان

پاکستان اور سعودی عرب مل کر ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کریں گے، وزیراعظم

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب مل کر ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کریں گے، معاہدوں کی سیاہی خشک ہونے سے قبل ان پر عملدآمد خوش آئند ہے۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کے ہمراہ ا مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔
اس موقع پرسعودی عرب کے ِ شاہی دیوان کے مشیر محمد بن التویجری بھی موجود تھے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران وزیرِ اعظم کی خصوصی کاوشوں سے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں مزید 600 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر اتفاق طے پایا ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب کے سرمایہ کاری وفد کے اکتوبر 2024 میں دورہ پاکستان میں 2.2 ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
وزیرِاعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب میں 600 ملین ڈالر کے اضافے سے مجموعی طور پر پاکستان میں حالیہ سعودی سرمایہ کاری کا حجم 2.8 ارب ڈالر ہوگیا ہے جبکہ سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے دستخط شدہ مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں کی تعداد 27 سے بڑھ کر 34 ہوگئی ہے۔سعودیہ پاکستان سرمایہ کاری منصوبوں میں سے 5 منصوبوں پر کام شروع ہو کر تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ وزیراعظم کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے اور سرمایہ کاری میں اضافے پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیرِ اعظم کی جانب سے سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح کیلئے بھی سعودی حکومت سے بات چیت بھی کی گئی۔
وزیر سرمایہ کاری سعودی عرب نے کہاکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کے وفد کی میزبانی ہمارے لئے باعث اعزاز ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ولی عہد محمد بن سلمان سے مفید ملاقات ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ سعودی عرب لاکھوں پاکستانیوں کے لئے دوسرا گھر ہے، سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اپنے حالیہ دورہ پاکستان میں بہترین مہمان نوازی پر ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ سعودی عرب پاکستان میں جدید ہاسپٹل کمپلیکس تعمیر کریگا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ فیوچر انوسٹمنٹ انی شی ایٹو سعودی ولی عہد کا ویژنری منصوبہ ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ مالی معاملات میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا، پاکستان اور سعودی عرب مل کر ترقی کی منازل طے کریں گے۔ شہبازشریف نے کہاکہ سمجھوتوں کی ابھی سیاہی بھی خشک نہیں ہوئی اور ان پر کام بھی شروع ہو گیا، یقین ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سمجھوتوں کی ٹائم لائن پر عمل کریں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی بصیرت افروز قیادت میں ہم مشترکہ اہداف حاصل کریں گے۔
سعودی وزیر نے کہاکہ جب ہم پاکستان آئے تو تین دن کے دوران 27 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جن کا حجم 2.2 ارب ڈالر تھا۔ انہوںنے کہاکہ یہ صرف شروعات تھی، آج دو سے تین ہفتوں بعد ان ایم او یوز کی تعداد 27 سے بڑھ کر 34 ہو گئی ہے۔ سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہاکہ 5 ایم او یوز پر پہلے ہی کام شروع ہو چکا ہے۔قبل ازیں سعودی وزیر سے ملاقات میں سعودی وزیر سرمایہ کاری کے 9 سے 11 اکتوبر کو نجی شعبے کے ایک بڑے وفد کے ساتھ پاکستان کے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دورے کے دوران پاکستان میں دستخط کی گئیں مفاہمتی یادداشتوں کے ٹھوس سرمایہ کاری اور تجارتی معاہدوں کی شکل میں مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے پاکـسعودیہ مضبوط اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی رفتار کو جاری رکھنے پر بھی گفتگو کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعاون کی کوششوں اور عزم پر سعودی وزیر خالد الفالح کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سعودی عرب کے وڑن 2030 کے پس منظر میں دونوں ممالک کے لیے موجود اقتصادی مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات میں وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان، وزیرِ پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیرِ تجارت جام کمال خان اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button