مشرق وسطیٰ

پنجاب پولیس اپنے شہدا کے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے سرگرم عمل، ایک اورشہید پولیس اہلکار کے اہلخانہ کورہائش کیلئے گھر دے دیا۔

ہیڈ کانسٹیبل ہارون رشید نے گذشتہ سال چیک پوسٹ کنڈل عیسٰی خیل پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔

لاہور (نامہ نگار): انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی شہداء پولیس کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہادت پانے والے ایک اور پولیس اہلکار کے اہلخانہ کوذاتی گھر دے دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق میانوالی پولیس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل ہارون رشید کے اہلخانہ کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دیا گیا ہے۔ ہیڈ کانسٹیبل ہارون رشید نے ایک سال قبل پٹرولنگ چیک پوسٹ کنڈل عیسی خیل پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔ شہید کے اہلخانہ کو انکی پسند کے مطابق شاہین ٹاؤن میانوالی میں 10 مرلے کا گھر خرید کر دیا گیا ہے۔ ہیڈ کانسٹیبل ہارون رشید شہید کی اہلیہ اور دو بچے نئے گھر میں زندگی گذاریں گے۔ آئی جی پنجاب کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کے گھر کیلئے فنڈز جاری کئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا ہیڈ کانسٹیبل ہارون رشید شہید کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج تحسین کرتے ہوئے کہاکہ ہیڈ کانسٹیبل ہارون رشید نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر دہشتگرد عناصر کا بہادری سے مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے انہیں پسپائی پر مجبور کیا۔ پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزند کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس ہیڈ کانسٹیبل ہارون رشید جیسے 1650سے زائد شہدا اور 1700 غازیوں کی کی امین فورس ہے، شہداء کے اہلخانہ اور غازیوں کی بہترین ویلفیئر کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button