مشرق وسطیٰ

لاہور پولیس کااینٹی سموگ ایکشن پلان کے تحت کریک ڈاؤن

سمو گ کاباعث بننے والے عناصر کے خلاف کارروائیوں میں 212مقدمات درج،228ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ترجمان لاہور پولیس

لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌لاہور پولیس نے رواں سال اینٹی سموگ ایکشن پلان کے تحت کریک ڈاؤن کے دوران 212مقدمات کا اندرج کر کے228ملزمان کو گرفتارکیا ہے۔
یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے آج یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایاکہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے رواں سال صوبائی دارالحکومت میں سموگ کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف لاہور پولیس کے اشتراک سے مختلف کارروائیوں میں 01کروڑ 84لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائدکئے ہیں۔اس دوران 50ہزار سے زائد گاڑیوں کو چیک کیا گیااوردھواں چھوڑنے والی 04ہز ار سے زائد گاڑیوں کے چالان کئے گئے ہیں۔فٹنس سرٹیفکیٹس نہ ہونے پر 04ہزار گاڑیوں کے کاغذات ضبط جبکہ 05ہزار سے زائد گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں جبکہ بنا فٹنس سرٹیفکیٹس کے1900سے زائد وہیکلز کو غیر معیاری قرار دیا گیاہے۔ اسی طرح فیول، تار کول اور کاربن بورڈ جلانے پر 08ملزمان، کنسٹرکشن میٹریل کے89، فصلوں کی باقیات جلانے پر18، ٹائرز، پلاسٹک، شاپنگ بیگز جلانے پر29جبکہ کارخانوں کے51 اورکوڑے کو آگ لگانے پر33ملزمان کوگرفتارکیا گیاہے۔
سی سی پی او لاہور نے کہا کہ انسدادِ سموگ کے حوالے سے حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایاجارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پولیس ٹیمیں ضلعی انتظامیہ، محکمہ ماحولیات اورمحکمہ ٹرانسپورٹ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر اقدامات کر رہی ہیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ سموگ کا باعث بننے والی ٹرانسپورٹ کے خلاف کارروائیوں کے لئے پنجاب سیف سٹی اتھارٹیز کے کیمروں سے بھر پورمدد لی جا رہی ہے۔ سی سی پی او لاہور نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، فصلوں کی باقیات جلانے، فیکٹریوں اور بھٹہ مالکان کے خلاف متعلقہ محکموں کے اشتراک سے کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پرزیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button