ڈانس سے شغف ہے، گلوکاری میں دلچسپی نہیں:آمنہ الیاس
فلموں میں کام حاصل کرنے کے لیے ہمیشہ آڈیشن دیا اور اپنی محنت اور اداکاری کی بدولت یہ کامیابیاں حاصل کیں۔
لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور ماڈل آمنہ الیاس نے کہا ہے کہ انہیں ڈانس کا شوق ہے، تاہم گلوکاری میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
حال ہی میں آمنہ الیاس نجی ٹی وی شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے شوبز کیریئر اور دیگر موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
آمنہ الیاس نے شوبز کیریئر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فیشن انڈسٹری میں کام کرنے کے بعد انہوں نے 2013 میں فلم انڈسٹری میں قدم رکھا۔ انہوں نے بتایا کہ فلموں میں کام حاصل کرنے کے لیے ہمیشہ آڈیشن دیا اور اپنی محنت اور اداکاری کی بدولت یہ کامیابیاں حاصل کیں۔
اداکارہ نے اپنے ماڈلنگ کیریئر کے آغاز کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہنیں سلمیٰ اور عظمیٰ الیاس دونوں ماڈلنگ کرتی تھیں اور اپنے دور کی معروف ماڈلز تھیں، جبکہ ان کے ایک اور رشتہ دار بھی فیشن انڈسٹری سے وابستہ تھے۔ یہی وجہ تھی کہ انہیں ماڈلنگ کی دنیا میں قدم جمانے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی۔
آمنہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے زیادہ تر فیشن شوٹس کیے ہیں اور یورپی ممالک، مشرق وسطیٰ اور دیگر علاقوں میں جا کر فیشن شوٹس کروائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماڈلنگ کے ساتھ ان کا تعلق وقت کے ساتھ گہرا ہوتا گیا اور انہیں اس شعبے سے محبت ہو گئی۔
ماڈلز کی فٹنس پر بات کرتے ہوئے آمنہ الیاس نے کہا کہ ماڈلز کو اپنے کیریئر کے دوران صحت اور جسامت کے حوالے سے سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے، بلکہ انہیں اپنی فٹنس اور تندرستی کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔