اہم خبریںکاروبار

پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لئے مل کر کام کررہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر سعودی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہر مشکل میں پاکستان کاساتھ دینے پر سعودی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کرتےہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لئے مل کر کام کررہے ہیں۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف سے سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الدائود نے منگل کو یہاں وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔وزیراعظم نے سعودی نائب وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر سعودی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان میں 2.8 ارب امریکی ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر عمل درآمد پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں غزہ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ریاض میں ہونے والی حالیہ عرب اسلامی سربراہی کانفرنس کا زکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے سربراہی اجلاس کے انعقاد پر سعودی عرب کی قیادت کی تعریف کی اور فلسطین میں اسرائیل کے نسل کشی کے اقدامات کے خلاف اور غزہ میں تشدد کے خاتمے کے لیے اجتماعی طور پر امت مسلمہ کو متحد کرنے کی سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کی کوششوں کو سراہا۔دونوں ممالک کے درمیان دفاع اورسلامتی کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ اور ان کے وفد کا دورہ ان حساس شعبوں میں تعاون کے حوالے سے دونوں برادر اسلامی ممالک کو قریب لانے میں مدد دے گا۔ وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام ان کے پرتپاک استقبال کے منتظر ہیں۔\932

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button